چین میں گوتھیا کپ جیتنے والی فٹبال ٹیم کے اعزاز میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں استقبالیہ

حکومت فٹبال کو انڈسٹری کا درجہ دے تا کہ فٹبال کے کھیل کو بہتر فروغ ملے، شیخ عامر وحید

ہفتہ 10 مارچ 2018 19:51

چین میں گوتھیا کپ جیتنے والی فٹبال ٹیم کے اعزاز میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں استقبالیہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مارچ2018ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے چین میں منعقد ہونے والے گوتھیا کپ انڈر 18فٹبال ٹورنامنٹ 2017 جیتنے والی اسلام آباد فٹبال ایسوسی ایشن کی ٹیم کے اعزاز میں ایک استقبالیہ منعقد کیا جس میں اسلام آباد فٹبال ایسوسی ایشن کے صدر سلیم چوہدری، سیکرٹری سید شرافت حسین بخاری ، ٹیم منیجر سید تنویر احمد، کوچ محمد زمان ، پاکستان فٹبال فیڈریشن کے انفارمیشن سیکرٹری رانا تنویر احمد اور اسلام آباد فٹبال ایسوسی ایشن کی ٹیم کے کپتان عبداللہ شاہ سمیت ٹیم ممبران نے شرکت کی۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے اپنے خطاب میں گوتھیا کپ جیتنے پر اسلام آباد فٹ ایسوسی ایشن کی ٹیم کو مبارک باد پیش کی اور کہا کہ ٹورنامنٹ میں چمپئن بن کر ہمارے لڑکوں نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان کے نوجوانوں میں کھیلوں کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ فٹبال کو انڈسٹری کا درجہ دے تاکہ پاکستان میں فٹبال کو بہتر فروغ ملے اور ہمارا ملک کرکٹ کی طرح فٹبال میں بھی اپنا نام بنا سکے۔

انہوں نے سی ڈی اے پر زور دیا کہ وہ اسلام آباد میں فٹبال کے مزید گرائونڈز تعمیر کرے۔ انہوں نے تجویز دی کہ پاکستان سپر لیگ کی طرز پر اسلام آباد فٹبال ایسوسی ایشن فٹبال کی ٹیموں کو تشکیل دے تاکہ نجی شعبہ ان ٹیموں کو خرید کر مقابلے میں حصہ لے جس سے فٹبال کو بہتر فروغ ملے گا۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد نوید نے اسلام آباد فٹبال ایسوسی ایشن کے عہدیداران اور ٹیم ممبران کو چیمبر کادورہ کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ چیمبر کی سپورٹس کمیٹی اسلام آباد میں فٹبال کو فروغ دینے کیلئے اسلام آباد فٹبال ایسوسی ایشن کے ساتھ تعاون کرے گی ۔

انہوں نے کہا کہ جن قوموں کے کھیلوں کے میدان آباد ہوتے ہیں وہ قومیں دنیا میں زندہ ہوتی ہیں۔اسلام آباد فٹبال ایسوسی ایشن کے صدر سلیم چوہدری نے کہا کہ ہماری فٹ بال ٹیم اپنی مدد آپ کے تحت چین گئی اور کسی نے اس ٹیم کو سپانسر نہیں کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نجی شعبہ آگے بڑھے اور فٹبال سمیت دیگر کھیلوں کو سپانسر کرے تا کہ پاکستان کھیلوں کے شعبے میں بہتر ترقی حاصل کر سکے۔

انہوں نے کہا بدقسمتی سے فیفا نے پچھلے تین سال سے پاکستان فٹبال فیڈریشن پر پابندی لگائی ہوئی ہے جس وجہ سے ہمارے فٹبال کے کھلاڑی باہر نہیں جا سکتے اور فٹبال کو فرو غ دینے کی کوششیں متاثر ہو رہی ہیں۔اپنی اسوسی ایشن کی سرگرمیوں کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد فٹبال ایسوسی ایشن کے ساتھ 50کلب رجسٹرڈ ہیں جبکہ تقریبا 10اکیڈمیز اس کی زیر زرپرستی فٹبال کا ٹیلنٹ تلاش کرنے اور فٹبال کو فروغ دینے کیلئے کام کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت اسلام آباد میں تقریبا پانچ ہزار کھلاڑی فٹبال کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ دو تین ماہ میں اسلام آباد میں ایک پیشہ وارانہ فٹبال لیگ منعقد کی جائے گی جس میں فٹبال کے عالمی کھلاڑیوں سمیت 8سے 10ٹیمیں حصہ لیں گی۔ گوتھیا کپ جیتنے والی ٹیم کے کپتان عبداللہ شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ 56ٹیموں نے گوٹھیا کپ میں شرکت کی اور پاکستان نے چین، انڈیا، اتھیوپیا اور بنگلہ دیش سمیت دیگر ٹیموں کو شکست دے کر ٹورنامنٹ کی چمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا جو پاکستان کیلئے ایک بڑا اعزاز ہے۔

چیمبر کی سپورٹس کمیٹی کے چیئرمین ناصر چوہدری، پاکستان فٹبال فیڈریشن کے انفارمیشن سیکرٹری رانا تنویر احمد، باصر دائود، اشفاق حسین چٹھہ اور شیخ عبدالوحید سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا اور ٹیم کو مبارک باد پیش کی ۔

Browse Latest Business News in Urdu