بزنس کمیونٹی کو ویزوں کے اجراء کے سلسلہ میں ہر ممکن سہولتیں مہیا کی جائیںگی ، آسٹریلین ہائی کمشنر

بدھ 14 مارچ 2018 22:50

بزنس کمیونٹی کو ویزوں کے اجراء کے سلسلہ میں ہر ممکن سہولتیں مہیا کی جائیںگی ، آسٹریلین ہائی کمشنر
فیصل آباد ۔14 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مارچ2018ء)آسٹریلیا کی ہائی کمشنر مسز مارگریٹ ایڈمسن نے کہا ہے کہ بزنس کمیونٹی کو ویزوں کے اجراء کے سلسلہ میں ہر ممکن سہولتیں مہیا کی جائیںگی۔ یہ بات انہوں نے بزنس ویزے کے اجراء کے بارے میں ایک معلوماتی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے بتائی جو ان کی سرکاری رہائش گاہ میں ہوا۔ اس سیشن میں ملک کے سرکردہ بزنس لیڈروں نے شرکت کی جن میں فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر شبیر حسین چاولہ ، سابق صدر انجینئر سہیل بن رشید ، اسلام آباد وومن چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی سابق صدر محترمہ ثمینہ ، آسٹریلین ہائی کمیشن کی فرسٹ سیکرٹری ڈیلیا ملز ، بہاولپور چیمبر کے صدر اور آسٹریلین ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ کمیشن کے کنٹری / ریجنل مینجر اظہر ایچ شاہ بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

مسز ایڈمسن نے بتایا کہ آسٹریلیا نے ویزہ کے اجراء کے پورے نظام کو آن لائن کر دیا ہے۔ اس نے خاص طور پر بزنس کمیونٹی کو ویزے کیلئے آن لائن اپلائی کرنے کے علاوہ دیگر دستاویزات بھی آن لائن ہی بھیجنی چاہیئں تاکہ ان کی فوری طور پر پروسیسنگ کی جا سکے۔ اس سے قبل فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر شبیر حسین چاولہ نے بزنس کمیونٹی کیلئے آگاہی سیشن منعقد کرانے پر مسز ایڈمسن کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس سے دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تجارت کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔

فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے ڈپلو میٹک افیئرز اور انٹرنیشنل ٹریڈ ڈیلی گیشن کمیٹی کے سربراہ انجینئر سہیل بن رشید نے بتایا کہ فیصل آباد چیمبر ایک تجارتی وفد آسٹریلیا بھیجنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ یہ وفد اس سال جون کے آخر تک آسٹریلیا بھیجنے کا پروگرام ہے جس کیلئے انھیں ہائی کمیشن کا تعاون درکار ہو گا۔ اس سے قبل فرسٹ سیکرٹری مسز ڈیلیا ملز نے ویزوں کے اجراء کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔

Browse Latest Business News in Urdu