امریکی ڈالر اونچی اڑان کے بعد نیچے آنا شروع ہو گیا

پیر 30 جولائی 2018 22:31

امریکی ڈالر اونچی اڑان کے بعد نیچے آنا شروع ہو گیا
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2018ء) امریکی ڈالر اونچی اڑان کے بعد نیچے آنا شروع ہوگیا۔کاروباری ہفتہ کے پہلے دن انٹر بینک اور مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر3روپے کم ہو گئی جس سے انٹر بینک میں ڈالر کی قدر127روپے سے کم ہو کر124روپے کی سطح پر اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر126روپے سے کم ہو کر123روپے کی سطح پر آگیا، ایک موقع پرروپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں 5 روپے سے زائد کی غیرمعمولی کمی ہوئی ۔

اس کمی سے روپیہ تگڑا ہو گیاہے اور عام تاثر ہے کہ ملک میں متوقع نئی حکومت کی تبدیلی کے اثرات سامنے آرہے ہیں۔ انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں چار سال بعد کمی دیکھنے میں آرہی ہے اور روپے کی قدر بڑھنے سے قرضوں کے بوجھ میں 450 ارب روپے کا بوجھ کم ہونے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

فاریکس ایسوسی ایشن کے مطابق پیر کو ٹریڈنگ کے دوران پاکستانی کرنسی کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں 5 روپے 36 پیسے کی کمی کے بعد انٹر بینک میں ایک ڈالر 122 روپے 50 پیسے کا ہوگیاتھا تاہم مارکیٹ کے بند ہونے سے قبل ڈالر کی قدر میں اضافہ ہوگیا ۔

فاریکس رپورٹ کے مطابق پیر کو انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں3.5روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس سے ڈالر کی قیمت خرید 127.80روپے سے کم ہو کر123.80روپے اور قیمت فروخت 127.90روپے سے کم ہو کر124.40روپے پر آ گئی اسی طرح مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر3روپے کم ہوگئی جس کے بعد ڈالر کی قیمت خرید 123روپے سے گھٹ کر118روپے اور قیمت فروخت 126روپے سے گھٹ کر123روپے پر آ گئی ۔

فاریکس رپورٹ کے مطابق روپے کے مقابلے یورو اور برطانوی پائونڈ کی قدر میں بھی بالترتیب 6،7روپے کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے جس کے بعد یورو کی قیمت خرید 132.80روپے سے کم ہو کر129.50روپے اور قیمت فروخت 147روپے سے کم ہو کر141روپے ہو گئی اسی طرح برطانوی پونڈ کی قیمت خرید149.50روپے سے کم ہو کر145.50روپے اور قیمت فروخت165روپے سے کم ہو کر158روپے پر آ گئی ۔واضح رہے کہ حال ہی میں ایک ڈالر ملک کی بلند ترین سطح 128 روپے کی حد عبور کر گیا تھا تاہم اب اس میں بتدریج کمی دیکھی جارہی ہے۔

Browse Latest Business News in Urdu