ایس ای سی پی کی ٹریفک حادثات میں جاں بحق او رزخمی ہونے والوں کو معاوضوں کی فوری ادائیگی کیلئے انشورنس ایکٹ میں ترمیم کی تجاویز

سکیم کے تحت ٹریفک حادثات میں ہلاک ہونیوالوں کیلئے انشورنس کلیم کی رقم بھی20 ہزار روپے سے بڑھا کر پانچ لاکھ روپے کرنے کی تجویز ایکٹ میں تجویز کردہ ترامیم کا مسودہ عوامی مشاورت کے لئے ایس ای سی پی کی ویب سائٹ پر فراہم کر دیا گیا

ایس ای سی پی کی ٹریفک حادثات میں جاں بحق او رزخمی ہونے والوں کو معاوضوں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 اگست2018ء) سکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی ) نے ٹریفک حادثات میں جاں بحق او رزخمی ہونے والوں کو معاوضوں کی فوری ادائیگی کیلئے انشورنس ایکٹ میں ترمیم کی تجاویز پیش کردی، سکیم کے تحت ٹریفک حادثات میں ہلاک ہونے والوں کے لئے انشورنس کلیم کی رقم بھی بیس ہزار روپے سے بڑھا کر پانچ لاکھ روپے کرنے کی تجویز دی ہے ۔

ایس ای سی پی نے موٹر وہیکل ایکٹ میں ترامیم کی تجاویز پیش کی ہیں موٹر وہیکل ایکٹ 1939 کے مطابق تمام موٹر وہیکل مالکان کے لئے لازمی ہے کہ وہ اپنی گاڑی/ کار کی تھرڈ پارٹی لائیبیلٹی انشورنس کروائیں تا کہ حادثہ کی صورت میں حادثہ کا شکار ہونے والے یا اس کے قانونی ورثاء کی انشورنس کی رقم کی ادائیگی سے مدد کی جا سکے۔

(جاری ہے)

اس قانون کے تحت حادثے میں زخمی یا ہلاک ہونے کی صورت میں انشورنس کے ذریعے معاوضہ کی حد بیس ہزار روپے ہے جو کہ انتہائی ناکافی ہے اور اس میں اضافہ کی ضرورت ہے۔

اس کے علاوہ، موجودہ قانون میں حادثے کی صورت میں نقصان کا تعین عدالتی کارروائی کے ذریعے کیا جاتا ہے جو کہ ایک طویل اور مہنگا طریقہ کار ہے اور انشورنس کے دعوی داروں کے لئے مشکل ہوتا ہے۔ انشورنس کے دعویٰ کے حصول کو آسان بنانے کے لئے ایس ای سی پی نے تجویز کیا ہے کہ حادثے کی صورت میں زخمی یا ہلاک ہونے والوں کو بغیر کسی قانونی کارروائی اور اس بات کا تعین کئے بغیر کہ حادثہ میں ان کی غلطی تھی یا نہیں، انشورنس کی رقم کی ادائیگی کر دی جائے۔

مزید برآں،جسمانی طور پر زخمی ہونے کی صورت میں انشورنس کلیم کی حد میں اضافے کے لئے قانون میں ایک شیڈول شامل کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔ ایس ای سی پی کی جانب سے ایکٹ میں تجویز کردہ ترامیم کا مسودہ عوامی مشاورت کے لئے ایس ای سی پی کی ویب سائٹ پر فراہم کر دیا گیا ہے دلچسپی رکھنے والے افراد و شراکت دار تجویز کردہ ترامیم پر تیس دن کے اندر کمیشن کو اپنی آراء سے آگاہ کر سکتے ہیں موصول ہونے والی تجاویز و آرا ئکی روشنی میں ترامیم کے مسودے کو حتمی شکل دی جائے گی مسودہ قانون پر انشورنس ایسوی ائیشن آف پاکستان (آئی اے پی)،غیر حیاتی بیمہ اور بیمہ بروکرز کے ساتھ بھی مشاورت کی جائے گی۔۔۔۔۔اعجاز خان

Your Thoughts and Comments