یونائیٹڈ بزنس گروپ وزیر اعظم عمران خان کو ڈیم فنڈ کے لئے 100ملین روپے کا چیک پیش کرے گا

جمعرات 18 اکتوبر 2018 18:06

یونائیٹڈ بزنس گروپ وزیر اعظم عمران خان کو ڈیم فنڈ کے لئے 100ملین روپے کا چیک پیش کرے گا
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2018ء) یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کے چیئرمین افتخار علی ملک (کل) جمعہ کو وزیراعظم اور چیف جسٹس کے ڈیم فنڈ کے لئے بطور عطیہ 100ملین روپے کا چیک وزیراعظم عمران خان کو پیش کریں گے۔ جمعرات کو یہاں جاری ایک بیان میں سائوتھ ایشیئن ایسوسی ایشن آف ریجنل کوآپریشن (سارک) چیمبرز کے نائب صدر افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ وہ معروف کاروباری شخصیات پر مشتمل اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کریں گے اور ڈیموں کی تعمیر میں موجودہ حکومت کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے چیک وزیراعظم کے حوالے کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ دیا میر بھاشا اور مہمند ڈیموں کی فوری تعمیر صحیح سمت میں مثبت اور بروقت اقدام ہے جس سے پاکستان کو بھارتی آبی جارحیت سے بچانے اور ملک میںمستقبل کے لئے سستی بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے میں بھی مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وہ حکومت کو دیامیر بھاشا ڈیم کی تعمیر کے حوالے سے بعض تجاویز بھی دیں گے جن میں فنڈز کے لئے حصول کے لئے دیامیر بھاشا ڈیم کو ملکی و بین الاقوامی سٹاک مارکیٹوں میں شامل کرنا جیسی تجاویز بھی شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات بڑی حوصلہ افزاء ہے کہ ہر پاکستانی سچے دل سے ملک کو پانی کے درپیش بحران سے بچانا چاہتا ہے۔ افتخار علی ملک نے کہا کہ ملک کو ہر سال اربوں روپے کا پانی ضائع ہونے سے بچانے کے لئے منگلا ڈیم جیسے حجم والے تین ڈیم بنانے کی اشد ضرورت ہی کیونکہ ملک کو پانی کی ضروریات پوری کرنے میں پانی کی 36فیصد کمی کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان زیادہ تر زرعی ملک رہا ہے کیونکہ اس کی 60 فیصد آبادی براہ راست یا بالواسطہ طور پر زراعت سے منسلک رہی ہے جبکہ پانی کی کمی پوری کر کے ہم لاکھوں ایکڑ رقبہ کو زرعی پیداوار کے حصول کے لئے زیرکاشت لا سکتے ہیں۔

افتخار علی ملک نے تمام پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ ڈیموں کی تعمیر کے اس کام کے لئے چیف جسٹس آف پاکستان اور وزیراعظم عمران خان کی بھرپور معاونت کریں جس سے پاکستانیوں کے مستقبل کو بہتر اور عظیم تر بنانے کی راہ ہموار ہو گی۔

Browse Latest Business News in Urdu