ایماندار ٹیکس گزار ملک کا اثاثہ، ٹیکس چوروں سے رعایت نہیں کی جائے گی،چیف کمشنر لینڈ ریونیو ڈاکٹر بشیر الدین

ہفتہ 17 نومبر 2018 13:03

ایماندار ٹیکس گزار ملک کا اثاثہ، ٹیکس چوروں سے رعایت نہیں کی جائے گی،چیف کمشنر لینڈ ریونیو ڈاکٹر بشیر الدین
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2018ء) چیف کمشنر لینڈ ریونیو ڈاکٹر بشیر الدین نے کہا ہے کہ ایماندار ٹیکس گزار ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں جنہیں کوئی ہراساں نہیں کر سکتا ،ٹیکس چوروں سے کوئی رعایت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے یہ بات ہفتے کو راولپنڈی اسلام آباد ٹیکس بار ایسوسی ایشن (رِٹبا)کے صدر سید توقیر بخاری کی قیادت میں آنے والے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جس میں چئیرمین بار اینڈ بینچ کمیٹی سید تنصیر بخاری،نائب صدر فراز فضل شیخ،جوائنٹ سیکرٹری صوفیہ اختر، سفیر احمد، شوکت حیات بلوچ، حسن رضا بلوچ اور سید عباس بخاری بھی شامل تھے۔

انھوں نے کہا کہ محاصل میں اضافے کے لیے مانیٹرنگ بہتر بنائی گئی ہے جبکہ ٹیکنالوجی کا استعمال بھی کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

مختلف ممالک کے ٹیکس حکام کے درمیان رابطے کی وجہ سے ٹیکس چوری مشکل ہوتی جا رہی ہے جنہیں کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔جو لوگ 30 نومبر تک گوشوارے جمع نہیں کروائیں گے وہ اگلے سال مارچ تک نان فائیلرز ہی شمار ہونگے۔اس موقع پر رٹبا کے صدر سید توقیر بخاری نے کہا کہ ٹیکس ایمنسٹی سکیموں کی وجہ سے عالمی سطح پر90 ارب ڈالر کا کالا دھن سامنے آیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ٹیکس کی تشخیص کے نظام میں خامیوں کو دور کیا جائے اور ایماندار ٹیکس گزاروں کو صلہ دیا جائے تاکہ دوسروں کو بھی ترغیب ہو۔تنصیر بخاری نے تجویز دی کہ بڑے شاپنگ سینٹروں، ڈی ایچ اے اور بحریہ ٹائون میں ایف بی آر ڈیسک بنائے جہاں سے آگہی کی مہم چلائی جا سکے کیونکہ ڈیڈ لائن کے خاتمے سے چند روز قبل چلائی جانے والی مہم سے کوئی فائدہ نہیں ہوتا۔

رٹبا کے جنرل سیکرٹری زاہد شفیق نے کہا کہ ایف بی آر کے اہلکار مصروف کاروباری مراکز میں آگہی کی مہم شروع کریں اور عوام کو ٹیکس گزار بننے کے فوائد اور ٹیکس گزار نہ بننے کے نقصانات سے آگاہ کریں۔رٹبا کے عہدیداروں نے اپیل کی کہ محاصل میں اضافے کے لیے موجودہ ٹیکس گزاروں پر انحصار کے بجائے نئے ٹیکس گزار تلاش کیے جائیں۔

Browse Latest Business News in Urdu