صوبائی وزیر صنعت وتجارت نے کھلی کچہری کا انعقاد کر کے دو گھنٹے تک لوگوں کے مسائل سنے

سرکاری افسران اپنے دفاتر کے دروازے عوام کیلئے کھلے رکھیں ، ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں آپ کی خدمت اور مسائل کے حل کے لئے حاضر ہوا ہوں اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا‘میاں اسلم اقبال کی گفتگو

منگل 11 دسمبر 2018 13:36

صوبائی وزیر صنعت وتجارت نے کھلی کچہری کا انعقاد کر کے دو گھنٹے تک لوگوں کے مسائل سنے
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 دسمبر2018ء) صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے سمن آباد میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا اور دو گھنٹے تک لوگوں کے مسائل سنیں،بعض مسائل کے حل کے لئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔لوگوں کی زیادہ تر شکایات سوئی گیس،پانی اور ،تعلیم،صحت اور صفائی کے متعلق تھیں۔صوبائی وزیر نے اس موقع پر سائلین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی تکالیف ہماری اپنی تکالیف ہیں اور انہیں حل کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔

عوام کی خدمت عبادت کا درجہ رکھتی ہے اور انسانیت کی خدمت سے اللہ تعالی کی رضا اور خوشنودی حاصل ہوتی ہے۔عوام نے ہمیں خدمت کا جو مینڈیٹ دیا ہے اس کی لاج رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نئے پاکستان کی منزل کی جانب رواں دواں ہیں اور نیا پاکستان مسائل اور کرپشن سے پاک ہوگا۔

(جاری ہے)

نئے پاکستان میں تعلیم ،صحت اور دیگربنیادی سہولتیں عوام کو ان کی دہلیز پر ملیں گی اور عام آدمی بھی سر اٹھا کر جئے گا۔

میرٹ کی بالا دستی ہو گی،قانون اورانصاف کی حکمرانی ہو گی۔کوئی کسی کا استحصال نہیں کر سکے گا۔انہوں نے کہا کہ سرکاری افسران اپنے دفاتر کے دروازے عوام کے لئے کھلے رکھیں اور مسائل کے حل کے لئے دفاتر میں آنے والوں سے اچھا برتائو کیا جائے اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں۔صوبائی وزیر نے سائلین سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ میں یہاں آپ کی خدمت اور مسائل کے حل کے لئے حاضر ہوا ہوں اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔

Browse Latest Business News in Urdu