کاروباری برادری کے لیے پراپرٹی رجسٹریشن کا عمل آسان بنایا جائے‘ لاہور چیمبر کے صدر الماس حیدر

بین الاقوامی تجارتی میدان میں بہترین مقام حاصل کرنے کیلئے کاروباری آسانیاں پیدا کرنے والے انڈیکیٹرز کو بہتر بنانا ہو گا

پیر 17 دسمبر 2018 17:23

کاروباری برادری کے لیے پراپرٹی رجسٹریشن کا عمل آسان بنایا جائے‘ لاہور چیمبر کے صدر الماس حیدر
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 دسمبر2018ء) لاہور چیمبر کے صدر الماس حیدر نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ کاروباری برادری کے لئے جدید ٹیکنالوجی اور ون ونڈو آپریشن سسٹم کے ذریعے پراپرٹی کی رجسٹریشن کے عمل میں آسانی پیدا کرے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ کاروباری برادری کے لئے پراپرٹی کی رجسٹریشن ایک بڑا مسئلہ ہے کیونکہ اس میں بہت وقت اور سرمایہ خرچ ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی تجارتی میدان میں بہترین مقام حاصل کرنے کے لئے ہمیں کاروباری آسانیاں پیدا کرنے والے انڈیکیٹرز کو بہتر سے بہتر بنانا ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان پراپرٹی رجسٹریشن کے حوالے سے دنیا بھر کے ممالک میں161ویں نمبر پر ہے۔ کاروباری حضرات کو پراپرٹی رجسٹر کرانے کے لئے 6طریقہ کار کی پیروی کرنا ہوتی ہے جس میں 25.5دن لگتے ہیں اور پراپرٹی کی کل قیمت کی 4.2فیصد لاگت آتی ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ دوسری طرف نیوزی لینڈ 2 پروسیجر اور 1 دن میں پراپرٹی رجسٹر کے ساتھ اس درجہ بندی میں پہلے نمبر پر ہے۔ صدر لاہور چیمبر نے کہا کہ انفراسٹرکچر کی مضبوطی، زمینی حدود معلوم کرنے کے لئے الیکٹرونک ڈیٹا بیس، معلومات میں شفافیت، جغرافیائی کوریج ، زمینی تنازعات کا حل اور پراپرٹی رائٹس کے حصول تک سب کی یکساں رسائی جیسے مسائل پر کافی کام کی ضرورت ہے۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ پراپرٹی سے متعلق تمام چیزوں کا ایک الیکٹرونک ڈیٹا بیس بنایاجائے ، جو آن لائن دستیاب ہو۔ ساتھ ہی این او سی حاصل کرنے کے لئے حکومت کی طرف سے الیکٹرونک پروسیجر متعارف کرایا جائے اور پراپرٹی سے متعلق مسائل کے حل کے لئے غیر جانبدار شکایات سیل قائم ہوناچاہیے۔

Browse Latest Business News in Urdu