کراچی کو گندہ کیوں کہا !تاجر الائنس نے وزیرمملکت سے وضاحت مانگ لی

اپنے منہ سے برائیاں کرنے کی بجائے شہر قائد کی بہتری کے لیے کام کیا جائے

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعہ 11 جنوری 2019 18:27

کراچی کو گندہ کیوں کہا !تاجر الائنس نے وزیرمملکت سے وضاحت مانگ لی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 جنوری2019ء) چیئر مین کراچی تاجر الائنس ایسو سی ایشن و بانی عام آدمی پاکستان ایاز میمن موتی والا نے وزیر مملکت برائے ماحولیات زرتاج گل کی جانب سے مختلف اخبارات میں چلنے والی خبرپر افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ ہم ایک ذمہ دار وزیر کی جانب سے کراچی کو گندہ ترین شہر کے بیان پر شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں وزیر مملکت اپنے اس بیان کی وضاحت کریں ہمارے شہر کے لیے گندے کا لفظ کیوں استعما ل کیا، کوئی کراچی کی برائی کرے ہم سے برادشت نہیں ہوتا اس شہر نے ہمیں سب کچھ دیاہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیفنس آفس میں تاجروں سے ملاقات کے دوران میں کیا، ایاز میمن موتی والا نے کہا کہ شہر قائد کی صفائی ستھرائی کے معاملات کو بہتر کرنے کے بجائے اس کا مذاق اڑایا جا رہا ہے، ہمارے شہر کے پاس وسائل کی کمی نہیں بلکہ سیاستدانوں نے اس شہر کو اپنی سیاست چمکانے اور ایک دوسرے کو الزام دے کر اپنی جان چھڑانے کا جو سلسلہ شروع کیا ہوا ہے اس کا خمیازہ کراچی اور اس کی عوام کوبھگتناپڑرہا ہے،انہوں نے کہاکہ میں نے اس شہرکو صاف کرنے کے لیے اپنی آدھی زندگی صرف کر دی ہے، اپنے ہاتھوں سے اس شہر میں موجود کچرے کو اٹھا یا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت مجھے مکمل اختیار دے میں ایک ماہ میں شہر قائد کو چمکا دوں گا، موجودہ حکومت کوآئے ہوئے چارماہ سے زیادہ ہوگئے مگر کراچی کے لیے کوئی اقدامات یا پیکج نہیں دیا گیا، انہوں نے کہا کہ دنیا کی جانب سے جو رپورٹیں آتی ہیں ضروری نہیں کہ وہ درست ہوں مگر اپنے ہی منہ سے اپنے ملک کی برائی کرنا بھی نہایت بری بات ہے ، ہمارا وجود، ہمارا کاروبار اور ہماری سیاست سب اس ملک کی وجہ سے ہے ، انہوں نے کہا کہ ہمارا پاکستان ہمیں ساری دنیا سے پیارا ہے، انہوں نے کہا کہ زرتاج گل کراچی پر تنقید کرنے کے بجائے اس شہر کی بہتری کے لیئے اپنا کردار ادا کریں ، کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے جو پورے پاکستان کے لیے معاشی وسائل پیدا کرنے کا ذریعہ ہے۔

Browse Latest Business News in Urdu