فیصل آباد چیمبر کی وساطت سے ٹیکسپو 2019ء میں شرکت کرنے والے ٹیکسٹائل اداروں کو نصف قیمت پر سٹال ملیں گے ،

ڈائریکٹر ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی اللہ داد تارڑ

فیصل آباد چیمبر کی وساطت سے ٹیکسپو 2019ء میں شرکت کرنے والے ٹیکسٹائل ..
فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 جنوری2019ء) اپریل کے دوران لاہور میں ہونے والے ٹیکسپو 2019میں فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی وساطت سے شرکت کرنے والے ٹیکسٹائل اداروں کو نصف قیمت پر سٹال ملیں گے۔ یہ بات ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے ڈائریکٹر اللہ داد تارڑ نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سید ضیاء علمدار حسین سے ملاقات کے دوران بتائی۔

انہوں نے بتایا کہ ٹیکسٹائل بارے دوسرا سب سے بڑا میلہ ٹیکسپو 2019کے نام سے اس سال11 سے 14 اپریل تک ایکسپو سنٹر لاہور میں ہور ہا ہے۔ اس میلے میں ٹیکسٹائل کے شعبہ سے وابستہ افراد اپنی مصنوعات کی نمائش کریں گے جن میں آرٹ سلک، سنتھیٹک ٹیکسٹائل، گارمنٹس، نٹ وئیر، ہوم ٹیکسٹائل، ہنڈی کرافٹ ٹیکسٹائل، فیبرک ، یارن ٹیکنیکل ٹیکسٹائل، کارپٹ اور ٹیکسٹائل مشینری بھی شامل ہو گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ یہ فیصل آباد کے چھوٹے اور درمیانے درجہ کے ٹیکسٹائل یونٹوں کے مالکان کے لئے نادر موقع ہے کہ وہ اپنی مصنوعات کو بہت کم خرچ پر عالمی اور قومی سطح پر متعارف کرا سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس نمائش میں ملکی اور غیر ملکی خریداروں کی بڑی تعداد بھی شرکت کرے گی۔ اس لئے یہ ایس ایم ای سیکٹر کیلئے نادر موقع ہے کہ وہ اپنی مصنوعات کی وسیع پیمانے پر تشہیر کر سکیں۔

سید ضیاء علمدار حسین نے ٹیکسٹائل کے شعبہ سے وابستہ افراد نے کہا کہ وہ اس موقع سے فائدہ اٹھانے کیلئے فوری طور پر چیمبر سے رابطہ کریں۔ انہوں نے بتایا کہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی فیصل آباد چیمبر کو یکمشت جگہ مختص کر دے گی جسے چھوٹے نمائش کنندگان کو ان کی ضرورت کے مطابق رعایتی نرخوں پر مہیا کیا جائے گا۔ سید ضیاء علمدار حسین نے یقین دلایا کہ وہ ٹیکسپو کے بارے میں ضروری معلومات کو فوری طور پر فیصل آباد چیمبر کی ویب سائٹ پر بھی اپ لوڈ کرا رہے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو اس اہم ایونٹ بارے معلوم ہو سکے اور وہ اس میں شرکت کیلئے ابھی سے تیاری کر سکیں۔

Your Thoughts and Comments