پاکستان کو عظیم معاشی قوت بنانے کا وقت آگیا ہے، سردار تنویر الیاس خان

وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار قومی خدمت کے جذبے کیساتھ ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرنے کیلئے کوشاں ہیں، چیئرمین پنجاب بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ

جمعہ 18 جنوری 2019 17:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2019ء) چیئرمین پنجاب بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ سردار تنویر الیاس خان نے کہاہے کہ پاکستان کو عظیم معاشی قوت بنانے کا وقت آگیا ہے، وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار قومی خدمت کے جذبے کے ساتھ ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرنے کیلئے کوشاں ہیں، پی ٹی آئی حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے اور شفاف گورننس کی بدولت پاکستان پر عالمی اعتماد بحال ہو ا ہے اور اب سرمایہ کار پاکستان میںسرمایہ کاری کی طرف راغب ہو رہے ہیں جن کے مثبت اثرات کاروباری ترقی کی صورت میں بہت جلد ظاہر ہونا شروع ہو جائیں گے۔

انہوںنے یہ بات اپنی رہائش گاہ پر رئیل اسٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن ، وکلاء ، تاجروں ، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور ایوانہائے صنعت و تجارت کے وفود سے ملاقاتوں کے دوران کہی۔

(جاری ہے)

سردار تنویر الیاس خان نے کہاکہ محب وطن اورسیز پاکستان اپنے ملک میں سرمایہ کار ی کرنا چاہتے ہیں اسی طرح ملٹی نیشنل کمپنیاں بھی پاکستان میں اپنے ادارے قائم کرنے کی خواہا ں ہیں جنہیں ساز گار ماحول فراہم کرنے کے لئے حکومت کی طرف سے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔

انہوںنے اس موقع پر سی پیک کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ عوامی جمہوریہ چین کے اشتراک سے سی پیک کا عظیم منصوبہ خطے میں گیم چینجر ثابت ہو گا اور اسی نوعیت کے دیگرمیگا پراجیکٹس سے پاکستان میں ملازمتوں اورکاروبار کے بے پناہ مواقع پیدا ہوں گے۔ سردار تنویر الیاس خان نے کہاکہ مشکل وقت اب گزر گیا ہے اور آنے والے دنوں میں عوام کواچھی خبریں سننے کو ملیں گی۔

انہوں نے کہاکہ حکومت کا مطمع نظر ملک کو مضبوط معاشی بنیاد فراہم کرنا اور ادروں کو فعال کرکے ان کی کارکردگی کو مطلوبہ معیار کے مطابق بنانا ہے تاکہ قومی مسائل حل ہوں اورتمام تر وسائل کرپشن اور بدعنوان کی نذر ہونے کے بجائے عوامی فلاح و بہبود اور ملکی تعمیر و ترقی پر صرف ہوں۔ چیئرمین پنجاب بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈنے کہاکہ بڑی تعداد میں سرمایہ کاراور ادارے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے لئے تیار ہیں جنہیں مطلوبہ سہولیات فراہم کرنے کے لئے تمام متعلقہ اداروں کے تعاون اور اشتراک سے جامع اقدامات اٹھائے جائیں گے اور مختلف سطح پروفود کے تبادلے ہوں گے ۔

ملاقات کے دوران اسٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن کے صدر سردار طاہر محمود نے رئیل سٹیٹ سیکٹر میں سرمایہ کاری اور اس وقت درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔ سردار تنویر الیاس خان نے یقین دلایا کہ اعلی ترین سطح پر مذکورہ مسائل کے حل کے لئے جامع سفارشات پیش کی جائیں گی اور تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ایسی حکمت عملی وضع کی جائے گی جس سے کسی بھی شعبے میں اندرونی اور بیرونی سرمایہ کاری میں کوئی روکاوٹ حائل نہ ہو۔

Browse Latest Business News in Urdu