بھارت کو اسکی زبان میں جواب نا گزیر ہو چکا ،بھارتی مصنوعات پر بھی ڈیوٹی بڑھائی جائے ‘ آل پاکستان انجمن تاجران

بھارتی آبی جارحیت کی دھمکیوں کا سنجیدگی سے نوٹس لیا جاناچاہیے ،جنگی جنون نے خطے کاامن کو دائو پرلگا دیا ،عالمی برادری نوٹس لے

جمعہ 22 فروری 2019 13:15

بھارت کو اسکی زبان میں جواب نا گزیر ہو چکا ،بھارتی مصنوعات پر بھی ڈیوٹی بڑھائی جائے ‘ آل پاکستان انجمن تاجران
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2019ء) آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ بھارت کے جنگی جنون نے پورے خطے کے امن کو دائو پرلگا دیا ہے جس کا عالمی برادری کو سختی سے نوٹس لینا چاہیے ،بھارتی وزیر اعظم نے اپنے سیاسی فائدے کیلئے دو ایٹمی طاقتوں کو آمنے سامنے لا کھڑا کیا ہے اور مسلسل ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا جارہا ہے ،پاکستانی قوم پاک افواج کی پشت پر ہے اور دشمن کی کسی بھی غلطی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے بھارتی دھمکیوں کیخلاف پاک افواج سے اظہار یکجہتی کیلئے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ جس طرح بھارت کی جانب سے پاکستان سے درآمد کی جانے والی اشیا ء پر ڈیوٹی 200 فیصد بڑھا دی گئی ہے پاکستان بھی فی الفور اسی طرز کا اقدام کرے کیونکہ بھارت کو اس کی زبان میں جواب دینا نا گزیر ہو چکا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کی چالیں پوری دنیا کی سمجھ میں آرہی ہیں اور اس کا چہرہ ایکسپوز ہو گیا ہے ۔پاکستان کی جانب سے امن کی خواہش پر بھارت کی دھمکیاں کسی طرح بھی قابل قبول نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ہمیں اپنی گیدڑ بھبھکیوں سے مرعوب نہیں کر سکتا ، پاکستانی قوم اور افواج متحدہیں اور بھارت کی کسی بھی غلطی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا ۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ بھارت کی جانب سے آبی جارحیت کی دھمکیوں کا سنجیدگی سے نوٹس لیا جائے اور اس کے خلاف عالمی عدالت انصاف سے رجوع کیا جائے ۔ پانی ہمارے لئے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے اور اس پر کسی بھی طرح کاسمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔

Browse Latest Business News in Urdu