پورٹ قاسم پر ملک کا تیسرا ایل این جی ٹرمینل تعمیر کیاجائے گا

300ملین ڈالر کا یہ منصوبہ تعبیر انرجی مکمل کرے گی،ماحولیاتی قوانین تحفظ کو اس منصوبے میں خصوصی اہمیت حاصل ہوگی، ڈی جی سیپا

منگل 26 مارچ 2019 17:50

پورٹ قاسم پر ملک کا تیسرا ایل این جی ٹرمینل تعمیر کیاجائے گا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2019ء) پاکستان میں تیسرا ایل این جی ٹرمینل پورٹ قاسم کراچی میں تعمیر کی جائے گا اور اس سلسلے میں تمام وفاقی اور صوبائی ایجنسیز کے تمام مطلوبہ شرائط و قوائد و ضوابط کو پورا کیا جائے گا اور یہاں ماحولیات کا خصوصی خیال رکھا جائے گا اس کا اعلان ایل این جی منصوبہ کے حوالے سے اس پر سماجی اور ماحولیاتی اثرات پر منعقدہ عوامی سماعت میں کیا گیا یہ منصوبہ تعبیر انرجی چھان وڈو پورٹ قاسم میں تعمیر کرے گی۔

یہ 750کیوبک فٹ مائع گیس کا منصوبہ ہے یہ منصوبہ 22ہزار 3سو ایکڑ پر بنایا جائے گا اور اس پر 300ملین ڈاکر لاگت آئیگی اور اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ ہے جس پر سندھ فارسٹ ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے کسی قسم کا اعتراض نہیں ہے کیونکہ اس میں سندھ فارسٹ ڈیپارٹمنٹ کے معیار کے مطابق کام کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس تقریب میں شرکاء کو آگاہ کیا گیا کہ اس منصوبے میں سندھ فشریز کساتھ بھی مل کر کام کیاجائے گا اور ارد گرد کی آبادی کو مکمل سہولیات دی جائیں گی۔

اس میں رہڑی گوٹھ کے ماہی گیروں کو سب سے زیادہ اہمیت دی جائے گی۔ اور سی ایس آر کے مختلف منصوبے شروع کئے جائیں گے اس منصوبے میں فلوٹنگ اسٹوریج اینڈ ریگیسیفکیشن یونٹ کے ذریعے ایل این جی کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کیا جائے گا اور پاکستان میں اسکا استعمال پہلی بار کیا جارہا ہے۔اس موقع پر ٹیم لیڈر ای ایم سی پاکستان ثاقب اعجاز حسین، ریاض وگان چیف فورسٹ ڈیپارٹمنٹ سندھ، ڈائریکڑ جنرل سیپا نعیم احمد مغل، سید ندیم عارف، وقار پھلپوٹو، شمس الحق میمن، ڈاکڑشاہد امجد و دیگر نے خطاب کیا۔

ثاقب اعجاز نے کہا کہ منصوبے میں کاربن ڈائی آکسائیڈ کا اخراج 9,4632ٹن ہوگا جب کہ سندھ کے ماحولیاتی ادارے کی طرف سے 100,000ٹن کی اجازت ہے جو کہ اس منصوبے کا ماحول کو نقصان نہ پہچانے کا ثبوت ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے کے تحت 1,000ایکڑ کی زمین پر مینگرو کے پودے لگائے جائیں گے۔ریاض وگان نے کہا کہ اس منصوبے کو این او سی تب ہی دیا جائے جب 1,000ایکڑ کی زمین پر مینگرو لگائے جائیں گے۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں نعیم احمد مغل نے کہا کہ اس منصوبے کیلئے ماحولیا ت کے تحفظ کو ہر لحاظ سے یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ سیپا اس منصوبے کونظر میں رکھے گی کہ کہیں بھی کوئی کوتاہی نہ ہو۔ اور تمام ماحولیاتی قوانین اس منصوبے پر لاگو ہونگے۔اس موقع پر شرکاء نے سیپا سے مطالبہ کیا کہ پورٹ قاسم کا ماسڑ پلان تمام شراکت داروں کی معلومات کیلئے انکو دیا جائے اور اسکی تشہیر بھی کی جائے۔

Browse Latest Business News in Urdu