میمن برادری کی جانب سے شہر قائد میں میمن بچت بازار کا انعقاد

میمن بچت بازار غریبوں کیلئے کسی تحفے سے کم نہیں ، ایاز میمن موتی والا

میمن برادری کی جانب سے شہر قائد میں میمن بچت بازار کا انعقاد
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اپریل2019ء) میمن برادری کی جانب سے کراچی کی غریب عوام کے لیے میمن بچت بازار کا افتتاح، افتتاحی تقریب میں چیئرمین کراچی تاجر الائنس ایسو سی ایشن و بانی عام آدمی پاکستان ایاز میمن موتی والا کی شرکت، میمن بچت بازا ر کیک کاٹنے کی تقریب میں ایاز میمن موتی والا، ستارہ امتیاز و معروف تاجر عقیل کریم ڈھیڈی ، عبدالمجید ابدانی ، آصف مجید، ایاز بندوکڑا، زبیر گھانگھرا و دیگر کی شرکت، اس موقع پر میمن بچت بازار کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے ایاز میمن موتی والا کا کہنا تھا کہ میمن برادری نے ہمیشہ عوامی خدمت کے ذریعے اپنا نام بنایا ہے ، میمن بچت بازار غریبوں کے لیئے کسی تحفے سے کم نہیں ، میمن بچت بازا ر میں عوام کو تمام اشیاء مناسب داموں میں ملیں گی، میمن برادری کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ وہ عوامی خدمت کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے اور اپنے شہر کی عوام کو فائدہ پہنچائے، انہوں نے کہا کہ میں مبارکباد پیش کرتا ہوں تمام میمن برادری کو جن کی کوششوں اورکاوشوں سے یہ بچت بازار سجا اور کراچی کے مخیر حضرات سے اپیل بھی کروںگا کہ شہر قائد کے عوام کے لئے ایسے بچت بازاروں کے انعقاد میں اپنا اپنا حصہ ڈالیں جہاں سے غریب اور ایک عام آدمی فائدے اٹھا سکے اور اپنے گھر والوں کیلئے سستے داموں معیاری اشیا ء خرید کر لے جا سکے، انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی پالیسیوں نے عوام کو جیتے جی مار دیا ہے، رمضان المبارک کی آمد آمد ہے اور ایسی مہنگائی غریب عوام کہاں جائے ، انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں بہت بھیانک معاشی صورتحال دیکھ رہا ہوں ، اگر حکمرانوں نے اپنی روش کو نہ بدلہ تو قوم سڑکوں پر بھیک مانگتی ہوئی دکھائی دے گی، انہوں نے کہا کہ اس قدر معاشی خراب حالت میں حکومت کے پاس اچانک ایسی کونسی جادو کی چھڑی ہے جس سے لاکھوں نوکریاں عوام کو ملیں گی اور صورتحال ایکدم تبدیل ہو جائیگی، موجودہ ملکی صورتحال سے تو یہی ثابت ہوتا ہے کہ موجودہ حکومت نے عوام کو بے وقوف بنا یا اور جھوٹے وعدے کیے اور ان کامقصد صرف اقتدار کا حصول تھا جس میں وہ کامیاب ہو چکے ہیں ، انہوں نے کہا کہ اس وقت مہنگائی کی شرح پاکستان کی تاریخ میں سب سے بلند ترین مقام پر ہے اور نہ جانے یہ مہنگائی کا جن کتنی بلندیوں پر پرواز کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، اگر حکومت وقت نے مناسب پالیسی اور حکمت عملی اختیار نہ کی تو معاشی صورتحال کو کنٹرول کرنا ناممکن ہو جائے گا اور تاجروں کا مارکیٹ میں کاروبار کرنا محال ہو جائے گا، انہوں نے مزید کہا کہ غریب عوام مہنگائی کی چکی میں پس کر رہ گئے ہیں ، حکمرانوں کو ہوش کے ناخن لینے چاہیے کہیں ایسا نہ ہو کہ غریبوں کی آہیں اور ان کے بچوں کی بھوک و افلاس حکمرانوںکو لے ڈوبے۔

Your Thoughts and Comments