شبر زیدی کے درست اقدامات سے ایف بی آر اور کاروباری برادری کے درمیان اعتماد سازی پیدا ہوگی، لاہور چیمبر

شبر زیدی کے درست اقدامات سے ایف بی آر اور کاروباری برادری کے درمیان ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 مئی2019ء)لاہور چیمبر کے صدر الماس حیدر، سینئر نائب صدر خواجہ شہزاد ناصر اور نائب صدر فہیم الرحمن سہگل نے چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو شبر زیدی کے درست اقدامات اور کاروباری برادری کو عزت و احترام دینے کی ہدایات پر اطمینان کا اظہار کرتے امید ظاہر کی ہے کہ ان کی بدولت ایف بی آر اور کاروباری برادری کے درمیان اعتماد سازی ہوگی۔

ایک بیان میں لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی سربراہی سنبھالتے ہی شبر زیدی نے متعلقہ فرد کو نوٹس دیئے اور چیئرمین ایف بی آر کی منظوری کے بغیر عملے کو بینک اکائونٹس تک رسائی سے روک دیا جس سے نہ صرف کاروباری برادری کو بہت بڑا ریلیف ملے گا بلکہ متوازی معیشت کا خاتمہ بھی ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے توقع ظاہر کی کہ ٹیکسوں کی بھاری تعداد میں کمی اور ادائیگیوں کے طریقہ کار میں تبدیلی بھی چیئرمین ایف بی آر کی ترجیحات میں شامل ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکسوں کی ادائیگی کے طریقہ کار کے حوالے سے پاکستان کی عالمی درجہ بندی 173ہے۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ پروفیشنل اور پراپرٹی ٹیکس کو اکٹھا کردیا جائے، اسی طرح وفاقی اور صوبائی سیلز ٹیکس بھی یکجا کردینے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری کو کریڈٹ کارڈ، ڈیبٹ کارڈ اور انٹرنیٹ و موبائل بینکنگ کے ذریعے ٹیکسز جمع کروانے کی اجازت دی جائے۔ لاہور چیمبر کے صدر نے مزید کہا کہ ریٹرن کی فائلنگ کے دو ماہ کے اندر تمام ریفنڈز کلیئر کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام محکموں کو پابند کیا جائے کہ وہ الیکٹرانک فائلنگ اور آن لائن پیمنٹ کا سسٹم وضع کریں، فزیکل آڈٹ کم کرنے کیلئے رسک مینجمنٹ سسٹم بہتر کیا جائے۔

Your Thoughts and Comments