لاہور چیمبر میں اثاثہ جات ظاہر کرنے کی سکیم کی معاشی اہمیت پر سیمینار

پیر 24 جون 2019 18:58

لاہور چیمبر میں اثاثہ جات ظاہر کرنے کی سکیم کی معاشی اہمیت پر سیمینار
لاہور۔24 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2019ء) کمشنر ان لینڈ ریونیو، فیڈرل بورڈ آف ریونیو ڈاکٹر ارفع اقبال، لاہور چیمبر کے صدر الماس حیدر اور سینئر نائب صدر خواجہ شہزاد ناصر نے لاہور چیمبر میں اثاثہ جات ظاہر کرنے کی سکیم کی معاشی اہمیت پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ اس نادر موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے غیر ظاہر شدہ اثاثہ جات کو معاشی دھارے کا حصہ بنائیں، سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ارفع اقبال نے کہا کہ اس سکیم کا مقصد لوگوں کو ہراساں کرنا نہیں بلکہ دستاویزی معیشت کا حصہ بننے کیلئے ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہے جس سے انہیں فائدہ ہوگا، انہوں نے کہا کہ 30جون تک اس سکیم سے فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے اور پبلک آفس کے حامل افراد کے علاوہ دیگر تمام شہری اس سکیم سے استفادہ کرسکتے ہیں، لاہور چیمبر کے صدر الماس حیدر نے کہا یہ سکیم ان افراد کیلئے بہترین موقع ہے جو کسی مجبوری کی وجہ سے اپنے اثاثہ جات ظاہر نہیں کرسکے، اب وہ اس سکیم کے ذریعے انہیں قانونی حیثیت دے سکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ 30جون 2019ء کے بعد سخت قوانین آئیں گے لہذا کاروباری برادری مقررہ وقت کے اندر اس سکیم سے فائدہ اٹھائے، انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر نے ہمیشہ ٹیکس نیٹ میں وسعت اور ٹیکس ریٹ کم کرنے کا مطالبہ کیا ہے، لاہور چیمبر امید کرتا ہے کہ اس سکیم سے مطلوبہ نتائج برآمد ہوں گے اور جو تاجر کسی وجہ سے اپنے اثاثہ جات ظاہر نہیں کرسکے وہ اس سکیم سے فائدہ اٹھائیں گے،سیمینار سے لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر خواجہ شہزاد ناصر، ایڈیشنل کمشنر ثناء غوث اور دیگر ماہرین نے بھی خطاب کیا۔

Browse Latest Business News in Urdu