گزشتہ مالی سال کے دوران ملک سے چاول کی برآمدات میں1.6 فیصد اضافہ ریکارڈ

اتوار 21 جولائی 2019 17:15

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2019ء) گزشتہ مالی سال کے دوران ملک سے چاول کی برآمدات میں1.6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پاکستان بیورو برائے شماریات (پی بی ایس) کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی 2018ء سے جون 2019ء تک چاول کی برآمدات سے ملک کو 2.096 ارب ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو مالی سال 2017-18ء کے مقابلے میں 1.6 فیصد زیادہ ہے۔

مالی سال 2017-18ء کے دوران چاولوں کی برآمدات سے پاکستان نے 2.035 ارب ڈالر مالیت کا زرمبادلہ حاصل کیا تھا۔

(جاری ہے)

اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران 41 لاکھ 4 ہزار 983 میٹرک ٹن چاول کی برآمدات ریکارڈ کی گئی۔ مالی سال 2017-18ء کے دوران 40 لاکھ 96 ہزار 446 میٹرک ٹن چاول کی برآمدات ریکارڈ کی گئی تھیں۔ گزشتہ مالی سال کے دوران برآمدی باسمتی چاول کا حجم 6 لاکھ 68 ہزار 763 میٹرک ٹن ریکارڈ کیا گیا جس سے ملک کو 639.250 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا۔ مالی سال 2017-18ء کے دوران 5 لاکھ 60 ہزار 995 میٹرک ٹن باسمتی چاول کی برآمدات ریکارڈ کی گئی تھیں جس سے ملک کو 581.84 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔

Browse Latest Business News in Urdu