ٹیوٹا کے 600 پاس آئوٹس کو ڈرائیونگ لائسنس دینے کی تقریب،چیئر پرسن ٹیوٹا، سٹی ٹریفک پولیس اور اوبر کے ساتھ ایم او یوز پر دستخط کر دیئے

منگل 8 اکتوبر 2019 18:45

ٹیوٹا کے 600 پاس آئوٹس کو ڈرائیونگ لائسنس دینے کی تقریب،چیئر پرسن ٹیوٹا، سٹی ٹریفک پولیس اور اوبر کے ساتھ ایم او یوز پر دستخط کر دیئے
لاہور۔8 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اکتوبر2019ء) ٹیوٹا سے ڈرائیونگ کی تربیت پانے والے 600 طلباء اور طالبات میں ڈرائیونگ لائسنس دینے کی تقریب الحمرا ہال میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر انڈسٹریز اور سکل ڈیویلپمنٹ میاں اسلم اقبال تھے۔ تقریب میں چیئرپرسن ٹیوٹا علی سلمان صدیق، سی ٹی او ملک لیاقت، اوبر کے جی ایم سعدپال اور سی او اوٹیوٹا اختر عباس بھروانہ بھی موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ ہنر مند اور تعلیم یافتہ نوجوانوں کو آسان شرائط پر تیس لاکھ تک کا قرضہ دیا جائے گا۔ پنجاب میں چار یونیورسٹیز آف ٹیکنالوجی بنائی جارہی ہیں تاکہ فنی تربیت میں اعلی تعلیم کے مواقع دستیاب ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیوٹا درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔

(جاری ہے)

فیصل آباد اکنامک زون میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے اس سے ہمارے نوجوانوں کے لئے روزگار کے بے شمار مواقع پیدا ہوں گے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کو جب اقتدار ملا تو ملک کے مالی معاملات خراب تھے پاکستان ڈیفالٹ ہونے کے قریب تھا، وزیراعظم عمران خان کے زبردست معاشی اقدامات کے باعث ملک کی معیشت بحران سے باہر آئی ہے، ایک سال میں ساڑھے دس ارب ڈالر کا قرضہ واپس کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے اپنی عیاشیوں کیلئے لئے گئے قرضوں کو ہمیں اتارنا پڑ رہا ہے، چھ، چھ کیمپ آفسز اور ستر کروڑ روپے کی لاگت سے اپنے گھر کے اردگرد بم پروف دیواریں بنانے والوں نے قومی وسائل کا ناجائز استعمال کیا، حکومت میرٹ اور شفافیت پر یقین رکھتی ہے اور ہم نے اپنے بھانجے، بھتیجوں اور دامادوں کو ایسی لت نہیں ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ سابق کرپٹ حکمران ہمیں نااہل کہتے ہیں ، واقعی ہم نا اہل ہیں کیونکہ ہمیں منی لانڈرنگ نہیں آتی، ہمیں اومنی گروپ بنانے نہیں آتے، شوگرملیں لگانا نہیں آتیں اور قومی وسائل ذاتی مقاصد کے لئے استعمال کرنا نہیںآتے، وہ بادشاہ تھے اور انہیں کرپشن کے طور طریقے آتے تھے، ہم عوام کو جوابدہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی پریشانی یہی ہے کہ وہ سرکاری گھر ، سرکاری گاڑی اور اقتدار سے محروم ہوچکے ہیں، ناموس رسالت کے نام پر چندہ اکٹھا کرنے والے مولانا جان لیں کہ اب ان کی نہیں بلکہ قومی معیشت بہترہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں لاکھوں ڈالر خرچ کرکے تفریحی دور ے ہوتے تھے لیکن ان حکمرانوں نے کشمیر کے مسئلے کو سنجیدگی سے نہیں لیا۔ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران کشمیر کے مسئلے کو بھرپور طریقے سے اجاگر کیا۔ چیئر پرسن ٹیوٹا علی سلمان صدیق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کچھ عرصہ قبل ٹیوٹا کا چارج سنبھالا اور اس کو نئے وژن کی طرف گامزن کیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے ایک کروڑ فراہمی روزگار کے مشن کی تکمیل میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ اب ٹیوٹا صرف فنی تربیت نہیں بلکہ اپنے پاس آئوٹس کے لئے روزگار کا بندوبست بھی کر رہا ہے، اپنے ملک میں اور بین الاقوامی سطح پر اپنے طلبہ کو روزگار کے مواقع فراہم کریں گے۔ اس موقع پر دو ایم او یوز پر دستخط کئے گئے۔ پہلا ایم او یو ٹیوٹا اور سٹی ٹریفک پولیس کے درمیان تھا جبکہ دوسرا ایم او یو ٹیوٹا اور اوبر کے مابین تھا۔

ٹیوٹا کی طرف ایم او یوز پر علی سلمان صدیق، ٹریفک پولیس کی طرف سے ملک لیاقت جبکہ اوبر کی طرف سے سعد پال نے ایم او یوز پر دستخط کئے۔ تقریب سے سی ٹی او ملک لیاقت اور سی او او اختر عباس بھروانہ نے بھی خطاب کیا۔ صوبائی وزیر میاں اسلم اقبا ل نے طلبہ میں لائسنس اور ان طلبہ کو ٹریننگ دینے والے ٹرینرز میں تعریفی اسناد اور چیکس تقسیم کئے۔ اوبر اور اخوت نے طلبہ کی رجسٹریشن کے لئے اپنے سٹالز بھی لگائے تھے جس میں نوجوانوں نے بہت دلچسپی اظہار کیا ۔تقریب حاضرین کی بڑی تعداد موجود تھی ۔

Browse Latest Business News in Urdu