ترک صدرکی ایف اے ٹی ایف کے معاملے پر مکمل حمایت مستحکم پاکستان کیلئے کامیابی ہے،ایس ایم منیر

ترک صدرکی ایف اے ٹی ایف کے معاملے پر مکمل حمایت مستحکم پاکستان کیلئے ..
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 فروری2020ء) یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر نے یوبی جی کے تمام رہنمائوں اور کارکنان کو ہدایت کی ہے کہ آئندہ سال2021کیلئے فیڈریشن پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) الیکشن کی تیاریا ں شروع کردیں، ہم آئندہ الیکشن میں پہلے کی طرح بھرپورانداز میں حصہ لیں گے اور پہلے کی طرح کامیابی حاصل کریں گے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار یو بی جی کورکمیٹی پنجاب کے رہنمائوں سے گفتگو میں کہی۔ اس موقع پر یو بی جی کے چیئرمین، سینئرنائب صدر سارک چیمبر آف کامرس افتخار علی ملک، ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر ندیم شیخ،عبدالرئوف عالم،سہیل الطاف، زبیرملک، ملک سہیل حسین، ظفر بختاوری، اسد مشہدی، نور احمد خان، شیخ عامر وحید، خالد جاوید، طارق صادق، عبدالوحید، ثمینہ فاضل، عارف جیوا، زاہد لطیف ملک، اسد مشہدی، عبدالوحید، کریم عزیز ملک اوردیگر رہنما بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ایس ایم منیر نے ترک صدر کے پاکستان کے کامیاب دورے پر وزیراعظم پاکستان عمران خان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایف اے ٹی ایف کے معاملے پر ترک صدر کی جانب سے پاکستان کی مکمل حمایت بھی مستحکم پاکستان کیلئے کامیابی ہے۔ انہوں نے ترک صدر رجب طیب اردوان کی اس بات سے اتفاق کیا کہ پاکستانی حکومت کے مثبت اقدامات سے سرمایہ کاری اور تجارت کا ماحول سازگار ہو رہا ہے البتہ دونوں ممالک مضبوط معیشت کیلئے مسلسل جدوجہد جاری رکھیں تاکہ مثبت نتائج مل سکیں۔

انہوں نے کہا کہ سال 2020 کے ایف پی سی سی آئی انتخابات میںمسترد شدہ ووٹ کاسٹ کئے گئے اور بزنس مین پینل نے دونمبر انداز میں الیکشن جیتا، یہ کسی بھی طرح سے شفاف الیکشن نہیں تھاکیونکہ ہر جانب سے اس الیکشن پر انگلیاں اٹھائی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے یو بی جی کو مکمل طور سے فعال کرنے کا عزم کر لیا ہے اور اس مقصد کیلئے میں ازخود میدان عمل میں آگیا ہوں، ہم آئندہ ایسے امیدواروں کو سامنے لائیں گے جو کاروباری برادری کے مسائل حل کرنے کی مکمل اہلیت رکھتے ہوں اور ان کیلئے جدید خطوط کی بنیاد پر الیکشن مہم شروع کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ یو بی جی کے مرکزی ترجمان گلزار فیروزکی کارکردگی بے مثال ہے اور میں نے گلزارفیروز سے کہہ دیا ہے کہ وہ پاکستان میڈیا سے مسلسل رابطہ رکھیں تاکہ یو بی جی کے تمام پروگراموں کی خبروں کی ترسیل بروقت جاری رہ سکے، یونائیٹڈ بزنس گروپ ایف پی سی سی آئی کے پلیٹ فارم سے تاجر دوست ماحول کو فروغ دینے کے اقدامات کرے گا اور حکومت اورکاروباری برادری کے نمائندوں کے درمیان فاصلوں کو مزید کم کرنے کی جدوجہدجاری رکھے گا۔

ایس ایم منیر نے مزید کہا کہ یو بی جی کی تمام قیادت اجتماعی فیصلوں پر یقین رکھتی ہے، یہی وجہ ہے کہ آج بھی گروپ کو 90 فیصد تاجر برادری کا اعتماد حاصل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے یو بی جی کی شکل میں ایک چھوٹا سا پودا لگا تھا جو اب تن آوردرخت بن چکا ہے اور آئندہ سال 2021 کے فیڈریشن الیکشن میں ہم پہلے کی طرح اپنے مخالفین کو عبرتناک شکست دیں گے۔

اس موقع پر یو بی جی کورکمیٹی ممبران نے گروپ کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر اور چیئرمین افتخار علی ملک پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ اجلاس میں یو بی جی کے چیئرمین افتخار علی ملک نے کہا کہ مارچ 2020 میں وہ سارک چیمبر آف کامرس کے آئندہ صدرکا منصب سنبھالنے کے بعد خطے میں پاکستان کی تجارت بڑھانے کیلئے جدوجہد کریں گے اور تمام ممبرز سارک ممالک کو پاکستان سے باہمی تجارت بڑھانے کیلئے راغب کریں گے۔

Your Thoughts and Comments