حکومت کی طرف سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 15 روپے فی لیٹر کمی کا خیرمقدم کرتے ہیں ،

عوام کو کچھ ریلیف ملے گا، ٹرانسپورٹ بند ہونے کی وجہ سے مال بندگاہ پر رکا ہوا ہے اور ان پر بینکوں کا مارک اپ ادا کرنا پڑتا ہے لہذا حکومت بینکوں کے مارک اپ کی ادائیگی کو بھی کم از کم آئندہ چھ ماہ تک مؤخر کرے، اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری

بدھ 25 مارچ 2020 17:25

حکومت کی طرف سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 15 روپے فی لیٹر کمی کا خیرمقدم کرتے ہیں ،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2020ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 15 روپے فی لیٹر کمی کا خیرمقدم کرتے ہیں کیونکہ اس سے مشکلات کا شکار عوام کو کچھ ریلیف ملے گا، کاروباری طبقہ توقع کر رہا تھا کہ سٹیٹ بینک موجودہ مشکل حالات میں شرح سود میں خاطر خواہ کمی کرے گا لیکن صرف 1.5 فیصد کمی کی گئی ہے، حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ شرح سود کو کم کرکے پانچ فیصد تک لایا جائے تاکہ تاجروصنعتکار برادری کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی بحرانی صورتحال سے نمٹ سکے اور کاروباری حالات بہتر ہوں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو وزیراعظم عمران خان کے اقتصادی پیکیج پر اپنا ردعمل میں کیا۔

(جاری ہے)

محمد احمد وحید نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ایس ایم ایز سمیت کاروبار ی طبقے کیلئے موجودہ مشکل حالات میں اقتصادی پیکیج کا اعلان کیا ہے جو خوش آئند ہے اور اس کی تفصیلات سامنے آنے پر صیح موقف دیا جا سکے گا تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت بجلی و گیس کے کمرشل و صنعتی بلوں میں بھی مناسب کمی کرے اور قسطوں میں ان کی ادائیگی کی سہولت فراہم کرے تا کہ تاجروصنعتکاری برادری کی مشکلات کم ہوں۔

انہوں نے کہا کہ بہت سے صنعتی یونٹس اپنے امپورٹڈ خام مال کی ادائیگیاں کر چکے ہیں لیکن ٹرانسپورٹ بند ہونے کی وجہ سے مال بندگاہ پر رکا ہوا ہے اور اس پر ان کو بینکوں کا مارک اپ ادا کرنا پڑتا ہے لہذا انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت صنعتکاروں کیلئے بینکوں کے مارک اپ کی ادائیگی کو بھی کم از کم آئندہ چھ ماہ تک مؤخر کرے تا کہ وہ موجودہ مشکل حالات میں ڈیفالٹ ہونے سے بچ جائیں۔

آئی سی سی آئی کے صدر نے مزید کہا کہ نقل وحمل کی بندش کی وجہ سے غیر ملکی آرڈرز رکے ہوئے ہیں لیکن بینکوں میں ایل سی کی وجہ سے شرح سود بڑھ رہا ہے۔ اس کے علاوہ جن تاجروں وصنعتکاروں کا مال بندرگاہ پر رکا ہوا ہے ان کو ڈیمرج بھی پڑ رہا ہے، موجودہ حالات میں حکومت ایسے مسائل کے حل کیلئے بھی کوئی ریلیف فراہم کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صنعتکاروں نے اپنی فیکٹریاں بند کر دی ہیں جبکہ مزدوروں کے اخراجات اپنی جگہ موجود ہیں ان حالات میں مقامی طور پر ملنے والے آرڈرز بھی پورے کرنا ممکن نہیں رہا۔

ان حالات میں کاروباری طبقے کیلئے بجلی و گیس کی قیمتوں میں کمی کرنے سے ان کو بہتر ریلیف فراہم ہو گا۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر طاہر عباسی اور نائب صدر سیف الرحمٰن خان نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 15 روپے فی لیٹر کمی کرنے پر تاجر برادری حکومت کا شکریہ ادا کرتی ہے۔امید ہے کی عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت میں کمی کے تناسب سے حکومت آئندہ بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کرے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے عوام کو درپیش مشکلات کو کم کرنے میں تاجر برادری حکومت کے ساتھ کھڑی ہے اور اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔

Browse Latest Business News in Urdu