سٹیٹ بینک سکیم کے تحت 15 لاکھ، 18 ہزار، 276 ملازمین کے روزگار کو تحفظ فراہم

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2020ء) کورونا وائرس کی وبا کے دوران روزگار کے تحفظ کیلئے سٹیٹ بینک کی سکیم کے تحت اب تک 15 لاکھ، 18 ہزار، 276 ملازمین کے روزگار کو تحفظ فراہم کیا گیا ہے۔ سٹیٹ بینک نے کورونا وائرکے باعث پیدا ہونے والی معاشی مشکلات اور بے روزگاری روکنے کے لیے یہ سکیم متعارف کرائی ۔ سکیم کے تحت کاروباری ادارے مستقل، کنٹریکٹ اور دہاڑی دار سمیت ہر قسم کے ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے سستے قرضے حاصل کر سکتے ہیں۔

سکیم کے تحت اپریل 2020ء سے ستمبر 2020ئ کے دوران اپنے ملازمین کو برطرف نہ کرنے والے ادارے ملازمین کی تین ماہ کی تنخواہوں کے لیے 5 فیصد شرح سود پر قرض حاصل کر سکتے ہیں۔ فعال ٹیکس گزاروں کی فہرست میں شامل ادارے 4 فیصد کی شرح پر قرضہ لے سکیں گے۔

(جاری ہے)

سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق11 ستمبر2020ء تک اس سکیم کے تحت 3213 کاروباری اداروں اورکمپنیوں نے 17 لاکھ، 89 ہزار، 192 ملازمین کے روزگار کے تحفظ کیلئے 2 کھرب 52 ارب 9 کروڑ روپے سے زائد کے قرضہ کیلئے درخواستیں دائر کیں۔

اعدادوشمار کے مطابق سٹیٹ بینک نے ان میں سے 2583 اداروں اور کمپنیوں کی جانب سے 2 کھرب، 7 ارب 10 کروڑ، 70 لاکھ روپے تک کے قرضہ درخواستوں کی منظوری دی اور یوں 15لاکھ، 18 ہزار، 276 ملازمین کے روزگار کو تحفظ فراہم کیا گیا۔

Your Thoughts and Comments