فیڈریشن الیکشن میں ہمارے ہوتے ہوئے اب کوئی جعلی ووٹ کاسٹ نہیں کرسکتا،ایس ایم منیر

یو بی جی ایف پی سی سی آئی کے پلیٹ فارم سے تاجر دوست ماحول کو فروغ دینے کے اقدامات کرے گا ،افتخار علی ملک اپنے ملک اور بزنس کمیونٹی کے استحکام کیلئے کام کریں گے،خالدتواب اور دیگر کا میاں محمدادریس کے ظہرانے سے خطاب

منگل 17 نومبر 2020 19:17

فیڈریشن الیکشن میں ہمارے ہوتے ہوئے اب کوئی جعلی ووٹ کاسٹ نہیں کرسکتا،ایس ایم منیر
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2020ء) یونائٹیڈ بزنس گروپ (یو بی جی)کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کی بزنس کمیونٹی یو بی جی کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چل رہی ہے اور الیکشن میں ڈیڑھ ماہ کا عرصہ ہونے کے باوجودمخالف گروپ کے حلقوں میں ہماری بھرپور کامیابی کے پیشگی چرچے شروع ہوچکے ہیں، ہم نے پانچ سال فیڈریشن کے انتخابات میں کامیابی حاصل کی لیکن گزشتہ سال میں بیمار تھا اوراسکا فائدہ مخالف گروپ نے اس طرح اٹھایا کہ جعلی ووٹ کاسٹ کرائے گئے، بلوچستان کی26 ووٹ غلط ووٹ کاسٹ ہوئے ،کوئٹہ اور چمن چیمبرز ایک ہی ایڈریس تھے حالانکہ ایسا ہونا ناممکن ہے،موجودہ صدر نے بیک وقت دوووٹ کاسٹ کرڈالے جبکہ ایک فرد ایک ہی ووٹ کاسٹ کرسکتا تھا اورعدلیہ نے انجم نثار کے خلاف فیصلہ دیا اورعدالت کے اس فیصلے کے بعدہمارے امیدوار حنیف گوہرسینئرنائب صدر منتخب ہوئے ،30دسمبر2020کے الیکشن کیلئے ہم نے مکمل تیاریاں کرلی ہیں ، جعلی اوربے قائدہ ووٹوں کی راہ میں آہنی دیواریں کھڑی کی جارہی ہیں اور اب ہمارے ہوتے ہوئے کوئی جعلی ووٹ کاسٹ نہیں کرسکتا، یو بی جی اوراین بی جی پرمشتمل الائنس ایف پی سی سی آئی الیکشن میں تاریخی کامیابی حاصل کرے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے ان خیالات کا اظہارایف پی سی سی آئی کے سابق صدر ،چیئرمین یو بی جی پنجاب اورچیئرمین ستارہ گروپ میاں محمدادریس کی جانب سے یو بی جی امیدواروں اورلیڈران کے اعزازمیں دیئے گئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔تقریب سے چیئرمین یو بی جی افتخار علی ملک،صدارتی امیدوار خالدتواب،میاں محمدادریس، سینئرنائب صدر کے امیدوار عبدالرئوف مختار،ریاض الدین شیخ اوردیگر نے بھی خطاب کیاجبکہ احمدچنائے،ملک سہیل حسین،وقار میاں،نائمہ انصاری،عارف یوسف جیوا،انجینئرالماس،ڈاکٹرنعمان بٹ،عامرعطا باجوہ اور دیگر بھی موجود تھے۔

ایس ایم منیرنے کہا کہ ہمیںفیڈریشن کی عزت بحال کرنی ہے،اس سال چھے امیدوار سامنے لارہے ہیں جن تک بزنس کمیونٹی پہنچ سکتی ہے،صدر کے لئے خالد تواب اور سینئرنائب صدر کیلئے عبدالرئوف مختاراورنائب صدور کیلئے بہترین امیدوار نامزد کئے گئے ہیں ورنہ رواں سال فیڈریشن کے صدر سات پردوں کے پیچھے چھپے بیٹھے رہے اوربزنس کمیونٹی کے مسائل حل نہ ہوسکے۔

ایس ایم منیر نے خواتین کی سیٹ پر نائمہ انصاری کو امیدوار بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ خواتین یو بی جی کا اہم ترین حصہ ہیں ،ایف پی سی سی آئی کی سابق نائب صدرشبنم ظفرنے جنرل سیٹ پر الیکشن میں کامیابی حاصل کرکے بہترین کام کئے،وہ ہمارے ساتھ ڈٹ کر کھڑی رہی ہیں اور کبھی کسی کا دبائو برداشت نہیں کیا۔ افتخار علی ملک نے کہا کہ یوبی جی کے تمام امیدوار ایف پی سی سی آئی کے آئندہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے تاجر برادری کے مسائل حل کریں گے، سال2021 ہمارے لئے بے حد اہم ہے کیونکہ مخالف گروپ رواں سال کے دوران کوئی کام نہیں کرسکا جس سے بزنس کمیونٹی بری طرح سے مایوس ہوئی ہے،یونائیٹڈ بزنس گروپ ایف پی سی سی آئی کے پلیٹ فارم سے تاجر دوست ماحول کو فروغ دینے کے اقدامات کرے گا تاکہ حکومت اور چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے درمیان فاصلوں کو کم سے کم کیا جاسکے،ہم اقتدار میں دوبارہ آکر ایف پی سی سی آئی کے توسط سے ملک کی اقتصادی ترقی کیلئے مثبت کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ تاجر برادری حکومت کو ہر قسم کا تعاون فراہم کرنے پر تیار ہے، بڑھتے ہوئے افراط زر کے مسئلے پر پیداوار میں اضافہ کرکے اور غیر ضروری اخراجات کو کم کرکے بھی حل کیا جاسکتا ہے۔صدارتی امیدوارشیخ خالدتواب نے کہا کہ یو بی جی ابتداء سے ہی بزنس کمیونٹی کا حقیقی نمائندہ گروپ ہے اور ہمارے قائدین نے پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کیا اورہم آئندہ بھی اپنے ملک اور بزنس کمیونٹی کے استحکام کیلئے کام کریں گے۔

خالدتواب نے کہا کہ ملک کاتجارتی خسارہ کم ہوا ہے لیکن اگر ایکسپورٹ میں اضافہ نہ ہوا توپھر مزید مشکلات کا سامنا رہے گا،بجلی اور گیس کے ریٹ بڑھاکر انڈسٹری کیلئے مسائل پیدا کئے جارہے ہیں،حکومت انڈسٹری کو ترجیح دے اور اسے کنسٹرکشن انڈسٹری کی طرح مراعات دی جائیں۔

Browse Latest Business News in Urdu