آئندہ6ماہ میں پاکستان کی ایکسپورٹ میں خاطر خواہ اضافہ ہوجائے گا،ایس ایم منیر

خالدتواب کو دھاندلی سے ہرانے کے پاس ثبوت ہیں، جلدہی دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوجائے گا،سرپرست اعلیٰ یو بی جی

ہفتہ 23 جنوری 2021 13:44

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2021ء) یونائٹیڈ بزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ ،سابق صدر ایف پی سی سی آئی ایس ایم منیر نے پاکستان کی مسلسل بڑھتی ہوئی ایکسپورٹ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ6ماہ میں پاکستان کی ایکسپورٹ میں خاطر خواہ اضافہ ہوجائے گا اور ملکی اکنامی مزید بہتر ہوجائے گی۔ایس ایم منیر نے کہا کہ برآمدات میں اضافے سے تمام ملکی صنعتوں کو فائدہ ہونا شروع ہوگیا ہے،اکنامی کے انڈیکیٹرز مسلسل مثبت ہورہے ہیں اور جو صنعتیں خسارے سے دوچار تھیں وہ اب منافع کی جانب جانے لگی ہیں اور مجھے قوی امید ہے کہ آئندہ 6ماہ میں پاکستان کی تمام ہی صنعتیں منافع میں چلی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہصنعتیں منافع بخش پیداواری عمل جاری رکھے ہوئے ہیں، ٹیکسٹائل سیکٹر میں اس وقت بہترین کام جاری ہے اوردیگر سیکٹرز بھی آئندہ چندماہ میں مثبت زون میں آجائیں گے،انہوں نے حکومت سے کہا کہ ایکسپورٹ میں مزید اضافے کیلئے ایکسپورٹرز کو مراعات دے،ٹیکسٹائل پالیسی سمیت دیگر متعلقہ پالیسیز پرعملدرآمد ہونا چاہیئے اورٹیکسٹائل سیکٹر کو زیروریٹیڈ کیا جائے۔

(جاری ہے)

ایس ایم منیر نے کہا کہ بنگلہ دیش میں کووڈ بہت تیزی سے پھیل چکا ہے اور بیرون ممالک سے خریداروں نے وہاں آرڈرز دینے کے بجائے پاکستان کو آرڈرز دینا شروع کردیئے ہیں،اب بنگلہ دیش میں آرڈرزنہیں جارہے، پاکستان میں کووڈ کسی حد تک کم ہوا ہے لیکن لوگوں کو چاہیئے کہ وہ کورونا وائرس سے بچائو کیلئے تدابیر بدستور اختیار کئے رکھیں،مساک پہنیں اور لوگوں سے مصافحہ کرنے اور ملنے جلنے سے پرہیز کریں، افسوس تو یہ ہے کہ پاکستان بھر میں لوگ لاپرواہی کررہے ہیں،اس وقت امریکا میں کورونا وائرس سی4ہزار افراد روزانہ مررہے ہیں جبکہ انگلینڈ میں ڈیڑھ ہزار،برازیل میں ایک ہزار،بھارت اور بنگلہ دیش میں بھی سینکڑوں افراد اسی وائرس کا شکار ہورہے ہیں،نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈاآرڈرن نے اپنے ملک میں کووڈ پر جس طرح قابو پایاہے یہی جذبہ دوسرے ممالک کو بھی اپنانا چاہیئے جبکہ کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے بھی کووڈ19پر قابو پانے کیلئے سخت اقدامات کئے ہیں،تمام ریسٹورنٹ بند کردیئے گئے ہیں اور کسی بھی گھر میں5سے زائد افراد کی تقریب نہیں ہوسکتی۔

ایف پی سی سی آئی حالیہ انتخابات کے حوالے سے ایس ایم منیر نے کہاکہ ہم ایف پی سی سی آئی کے حالیہ انتخابات میںبزنس مین پینل کے رہنمائوں اور انکے صدارتی امیدوار ناصر حیات مگوں کی جانب سے کی جانے والی بے ایمانی اوردھاندلی کے خلاف ڈی جی ٹی او اور عدالت میں بھرپور انداز میں ڈٹ کر مقابلہ کریں گے،فیڈریشن الیکشن میں ہمارے گروپ یو بی جی کے صدارتی امیدوار خالدتواب صدارتی انتخاب جیت چکے تھے لیکن 3رکنی الیکشن کمیشن کی جانب سے خالدتواب جو پہلے ایک ووٹ سے جیت رہے تھے ان کے ووٹ ناصر حیات مگوں کے ووٹوں کے مساوی کئے گئے اور جب مقابلہ ٹائی پرختم کیا گیا تو سب کے جانے کے بعد وہ لفافہ جو صرف ڈی جی ٹی او یا عدالت کے سامنے کھولا جاسکتا تھا اسے از خود کھول کر ایک ووٹ ناصر حیات مگوں کا بڑھا کر اسے دھاندلی کے ساتھ جتوا یاگیا،الیکشن کمیشن نے ڈی جی ٹی او کو لکھے گئے خط میں یہ تسلیم کیا ہے کہ انہوں نے خودسربمہرلفافہ کھولاتھا اور انہوں نی30دن کا وقت مانگا ہے لیکن ڈی جی ٹی او آئندہ دوروز میں اس کیس کی سماعت شروع کررہا ہے۔

ایس ایم منیر نے کہا کہ ہم تمام ثبوتوں کے ساتھ ڈی جی ٹی او کے پاس گئے ہیں اور جلدہی دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوجائے گا۔

Browse Latest Business News in Urdu