عید کے موقع پر ملک بھر میں شدیدلوڈ شیڈنگ بد انتظامی کا نتیجہ ہے،میاں زاہد

پیداوار، روزگار اور محاصل کی مد میں بھاری نقصان ہو رہا ہے،صدر کراچی انڈسٹریل الائنس لله

پیر 19 جولائی 2021 23:29

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2021ء) نیشنل بزنس گروپ پاکستان کے چیئرمین، پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر اور سابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ عید کے موقع پر ملک بھر میں شدیدلوڈ شیڈنگ بد انتظامی کا نتیجہ ہے۔ عوام اور معیشت توانائی کے شعبہ کے ارباب اختیار کی نا اہلی کی بھاری قیمت ادا کر رہے ہیں اور ملک کو اربوں روپے روزانہ کا نقصان ہو رہا ہے۔

میاں زاہد حسین نے کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت بجلی کی پیداواری صلاحیت طلب سے زیادہ ہے مگر شارٹ فال چھ ہزار میگا واٹ تک پہنچ چکا ہے۔ بار بار بجلی کے بحران متعلقہ حکام کی صلاحیتوں اور فیصلوں پر سوال کھڑا کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

گزشتہ بحران کی طرح موجودہ بحران کی وجہ بر وقت ایل این جی درامد نہ کرنا اور فرنس آئل کی کمی ہے جبکہ موسم گرما میں گیس کی کمی نے بھی ہزاروں صنعتوں کو تالا ڈلوا کر لاکھوں افراد کو بے روزگار کر ڈالا ہے۔

جولائی کے دوسرے اور تیسرے ہفتے کے لئے ایل این جی کے دو جہاز بک کئے گئے تھے جن میں سے ایک منافع پر فروخت کر دیا گیا جبکہ دوسرے کا کچھ پتہ نہیں چلا۔ منگلا ڈیم سے بجلی کی پیداوار بھی متاثر ہوئی ہے جبکہ تربیلا ڈیم سے بجلی کی پیداوار توقعات کے مطابق نہیں بڑھی جبکہ بجلی گرنے کے سبب چائنہ حب پاور پلانٹ سے بجلی کی پیداوار مکمل طور پر ختم ہو گئی ہے۔

اس وقت پاور کمپنیوں کو انکی طلب سے کہیں کم گیس فراہم کی جا رہی ہے۔ حویلی بہادر شاہ کے پاور پلانٹ کو کم استعداد پر چلایا جا رہا ہے اور فرنس آئل کے بحران کی وجہ سے مظفرگڑھ اور حبکو پاور پلانٹس کو بند کر دیا گیا ہے اور جامشورو پاور پلانٹ کو نصف استعداد پر چلایا جا رہا ہے۔ جبکہ ملک بھر میں سی این جی سیکٹر اور پنجاب خیبر پختون خواہ جنرل انڈسٹری کو بند کر دیا گیا ہے جس سے پیداوار روزگار اور محاصل کی مد میں بھاری نقصان ہو رہا ہے۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ ایل پی جی کی قیمت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس نے عوام کے مسائل کو بڑھا دیا ہے اور اب اس سیکٹر نے ملک گیر ہڑتال کی وارننگ دے دی ہے جس کا حل نکالا جائے۔

Browse Latest Business News in Urdu