ملکی ایکسپورٹ میں اضافہ کے لئے وسطی ایشیاء کے ریاستوں کے ساتھ باہمی تجارت کے فروغ ناگزیر ہے ،شیربازبلور

بدھ 22 ستمبر 2021 23:43

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2021ء) سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیر باز بلور نے کہا ہے کہ ملکی ایکسپورٹ میں اضافہ کے لئے وسطی ایشیاء کے ریاستوں کے ساتھ باہمی تجارت کے فروغ ناگزیر ہے ۔ اس ضمن میں فری ٹریڈ ایگریمنٹ(PTA) اور پری فرنشنل ٹریڈ ایگریمنٹ (PTA)پر دستخط کرنے کی اشد ضرورت ہے موجودہ حکومت وزیراعظم پاکستان کے ویژن کے مطابق سنٹرل ایشیاء ریپبلک ممالک کے ساتھ ایکسپورٹ ‘ باہمی تجارت کو بڑھانے کے لئے حوصلہ افزاء اقدامات اٹھا رہی ہے تاہم وسطی ایشیاء کے ریاستوں کو بھی پاکستان کے ساتھ تجارت میں آسانیاں پیدا کرنے اور بزنس کمیونٹی کی مشکلات کے حل کیلئے مشترکہ کوششیں کرنی چاہئیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز پاکستان میں تعینات کرغستان کے سفیر Ulanbek Totuiaev اور پاکستان میں تعینات قازستان کے سفیرYerzhan Kistafin سے چیمبر ہائوس میں ملاقات کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پرسرحد چیمبر کے سینئر نائب صدر انجینئر منظور الٰہی ‘ نائب صدر جنید الطاف ‘ نو منتخب ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین حسنین خورشید احمد ‘ جاوید اختر ‘ پرویز خٹک ‘ انڈسٹریلسٹ ایسوسی ایشن حیات آباد پشاورکے صدر ملک عمران اسحق اور دونوں سفارتخانوں کے سفارتی عملہ / افسران بھی موجود تھے ۔

سرحد چیمبر کے صدر شیر باز بلور نے کہاکہ خیبر پختونخوا پشاور وسطی ایشیاء کی ریاستوں کے ساتھ تجارت کے فروغ میں گیٹ وے کی حیثیت رکھتا ہے بدقسمتی سے پاکستان کے ساتھ کرغستان اور قازستان کے ساتھ باہمی تجارتی حجم نہ ہونے کے برابر ہے جن کو دونوں ممالک کی بزنس کمیونٹی کو ایک دوسرے کے قریب لاکر مزید اضافہ کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور وسطی ایشیاء کے ممالک کے ساتھ باہمی تجارت کو بڑھانے کی کافی گنجائش موجود ہے تاہم پاکستان اور وسطی ایشیاء کے ممالک کی حکومتیں مشترکہ لائحہ عمل کے تحت تجارت کی راہ میں درپیش مسائل و مشکلات کو دور کریں سرحد چیمبر کے صدر نے وسطی ایشیائی ممالک کی تاجروں ‘ بزنس کمیونٹی کو خیبر پختونخوا کے قدرتی وسائل اہم شعبہ جات میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت بھی دی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ کرغستان اور قازستان جو کہ لینڈ لاک ممالک ہونے کی وجہ سے کراچی اور گوادر کی بندرگاہوں کو ٹرانزٹ روٹ کے تحت استعمال کرکے مغربی ممالک کے ساتھ تجارت کو بھی بڑھاسکتا ہے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں تعینات کرغستان کے سفیر Ulanbek Totuiaev نے پاکستان اور کرغستان کے ساتھ باہمی تجارت کو بڑھانے پر زور دیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کرغستان بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لئے موزوں ٹرانزٹ روٹ ہے جس کے ذریعے روس اور دیگر وسطی ایشیاء ممالک کو باآسانی تجارت کو ممکن بنایا جا رہا ہے جہاں پر بہتر انفراسٹرکچر سمیت سرمایہ کاروں کو ہر قسم کی سہولیات فراہم کی جاتی ہے ۔

اس موقع پر قازستان کے سفیرYerzhan Kistafinنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علاقائی تجارت کے فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ انہوں نے پاکستان قازستان بزنس کونسل کے از سر نو تشکیل اور معاشی و اقتصادی رابطوں کو جدید خطوط پر استوار و فروغ دینے پر زور دیا ہے۔ انہوں نے سرحد چیمبر کے صدر شیر باز بلور کی تمام تجاویز سے مکمل اتفاق کیا ہے اور کہا کہ ان سفارشات کی روشنی میں پاکستان ‘ قازستان سمیت وسطی ایشیاء کے دیگر ممالک کے ساتھ باہمی تجارت ‘ ایکسپورٹ کو مزید بڑھایا جاسکتا ہے ۔

اس موقع پر دونوں جانب سے تجارتی وفود کے تبادلے ‘ بزنس ٹو بزنس میٹنگ کے انعقاد اور باہمی تجارت کی راہ میں مشکلات کو دور کرنے کے لئے مشترکہ لائحہ عمل تیار کرنے اور حکومتی سطح پر مسائل کو موثر انداز پر اجاگر کرنے پر اتفاق رائے ہوا ہے۔ اس سے قبل سرحد چیمبر کے سینئر نائب صدر انجینئر منظور الٰہی اور نائب صدر جنید الطاف ‘ نو منتخب ایگزیکٹو ممبر حسنین خورشید احمد اوردیگر نے بھی خطاب کیا اور پاکستان اور وسطی ایشیائی ریاستوں کے درمیان باہمی تجارت ‘ ایکسپورٹ کے راہ میں درپیش مسائل و مشکلات کی نشاندہی کی اور ان کے فوری و دیرپا حل کے لئے مختلف تجاویز پیش کیں اور باہمی تجارت کے فروغ کے لئے حکومتی سطح پر اقدامات اٹھانے پر بھی زور دیا ہے۔

Browse Latest Business News in Urdu