کاروباری برادری کے مسائل حل کیے اور خصوصی پیکیج دیا جائے‘لاہورچیمبر

کاروباری برادری کو پراپرٹی ٹیکس اور واٹر ٹیرف میں چھوٹ دی جائے اور ان مسائل کو جلد حل کیا جائے‘عہدیداران

کاروباری برادری کے مسائل حل کیے اور خصوصی پیکیج دیا جائے‘لاہورچیمبر
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2021ء) لاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر، سینئر نائب صدر میاں رحمن عزیز چن اور نائب صدر حارث عتیق نے اقتصادی منظر نامے کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ کاروباری برادری کو خصوصی پیکیج دے۔ غلام سرور ملک کی سربراہی میں کاٹیج انڈسٹری، لاہور چیمبر کے ایگزیکٹو کمیٹی اراکین شاہد نذیر کی سربراہی میں انجمن تاجران لاہور اور حاجی محمد حنیف کی سربراہی میں ریڈی میڈ گارمنٹس ایسوسی ایشن کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ کاروباری برادری کو پراپرٹی ٹیکس اور واٹر ٹیرف میں چھوٹ دی جائے اور ان مسائل کو جلد حل کیا جائے جو کاروباروں کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کاٹیج انڈسٹری کو خصوصی مراعات دی جائیں کیونکہ یہ نہ صرف معیشت کا بنیادی حصہ ہے بلکہ غربت اور بے روزگاری کے خاتمے میں بھی کردار بہت اہم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جب تک حکومت کاٹیج انڈسٹری کے لیے اپنی پالیسیوں کو ازسرنو ترتیب نہیں دے گی تب تک معاشی بحالی کا خواب پورا نہیں ہوگا۔ انہوں نے بنگلہ دیش، چین ، کوریا اور امریکہ کی مثال دی جہاں چھوٹے کاروباروں کو بھی یکساں اہمیت دی جارہی ہے۔

لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ کاٹیج انڈسٹری اور ایس ایم ایز اسی فیصد لیبر کو روزگار فراہم کررہی ہیں، کاٹیج انڈسٹری لارج سکیل مینوفیکچرنگ سیکٹر کی ضروریات پوری کرکے قیمتی زرمبادلہ بھی کمارہی ہے۔ ریڈی میڈ گارمنٹس ایسوسی ایشن اور انجمن تاجران لاہور کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ تاجروں کے حقیقی مسائل کو حل کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کے عمل کو تیز کرنا چاہیے کیونکہ وہ معیشت کا محرک ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سازگار کاروباری ماحول کی فراہمی کا مطلب ملک کی معاشی ترقی کی رفتار تیز کرنا ہوگا۔

Your Thoughts and Comments