پیڈمک اپنے زیرانتظام صنعتی زونز میں ون ونڈو آپریشنز کے ذریعے کاروبار میں آسانیاں پیدا کررہی ہے ‘نبیل ہاشمی

صنعتکار اپنے کاروبار کے لئے پیڈمک کے زیر انتظام زونز کو ترجیح دے رہے ہیں‘چیئرمین پیڈمک کااجلاس سے خطاب

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2021ء) پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹس ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا 152 واں اجلاس چیئرمین سید نبیل ہاشمی کی زیر صدارت منعقد کیا گیا۔اجلاس میں بورڈ ممبران نے پیڈمک کی گزشتہ ایک سال کی کارکردگی رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کیا۔ رپورٹ کے مطابق پیڈمک نے گزشتہ ایک سال کے دوران قائداعظم بزنس پارک شیخوپورہ، رحیم یارخان، وہاڑی اور بھلوال انڈسٹریل زونز سے 12 ارب روپے کمائے، قائداعظم بزنس پارک اور بہاولپور کے ترقیاتی کاموں کا آغاز اور چونیاں انڈسٹریل زون کو ایکوا بزنس پارک میں تبدیل کیا گیا، سندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں نیٹ میٹرنگ اورتوسیعی منصوبے پر کام شروع کیا گیا،پیڈمک کی تاریخ میں پہلی بار سالانہ بجٹ نیا مالی سال شروع ہونے سے قبل منظور کیا گیا،، سماجی ذمہ داری کے تحت میڈیکل ٹراما سنٹر کی تعمیر کا کام اور مینجمنٹ ٹریننگ پروگرام کا آغاز کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں بھلوال انڈسٹریل زون میں 132 کے وی گرڈ استیشن کی تعمیر کے لئے فیسکو کو 5 کروڑ 54 لاکھ اور چونیاں ایکوا بزنس پارک میں بجلی کی فراہمی کے لئے لیسکو کو 96 لاکھ روپے جاری کرنے کی منظوری دی گئی۔بورڈ نے پروکیورمنٹ کمیٹی کی سفارشات پر54 لاکھ روپے کی لاگت سے وہاڑی اور رحیم یار خان انڈسٹریل زونز میں ڈسپوزل اسٹیشن کی تعمیر کے لئے کنسلٹنسی سروسز،3 کروڑ روپے کی لاگت سے مظفرگڑھ انڈسٹریل اسٹیٹ کی ٹرانزیکشن ایڈوائزری ،سٹاف کے لئے ٹرانسپورٹ سروس اور میڈیکل انشورنس کی تجدید کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں 151 ویں بورڈ اجلاس کی کارروائی کی بھی منظوری دی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیڈمک سید نبیل ہاشمی نے کہا کہ صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی ہدایت پر پیڈمک اپنے زیرانتظام صنعتی زونز میں ون ونڈو آپریشنز کے ذریعے کاروبار میں آسانیاں پیدا کررہی ہے جس سے ان صنعتی زونز میں ایز آف ڈوئینگ بزنس کا انڈکس پاکستان بھر میں سب سے بہتر ہے اور صنعتکار اپنے کاروبار کے لئے پیڈمک کے زیر انتظام زونز کو ترجیح دے رہے ہیں۔ بورڈ نے متعلقہ افسران کو قائداعظم بزنس پارک، بہاولپور اور چونیاں ایکوا بزنس پارک کے ترقیاتی کام مقررہ وقت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

Your Thoughts and Comments