ایف پی سی سی آئی پر قابض دھاندلی مافیا اپنے گھروں کو جانے کی تیاری کرے، ایس ایم منیر

جمعرات 2 دسمبر 2021 15:39

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 دسمبر2021ء) یونائٹیڈ بزنس گرو پ(یو بی جی)کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر نے کہا ہے کہ ایف پی سی سی آئی پر قابض دھاندلی مافیا اب اپنے گھروں کو جانے کی تیاریاں کرلے، ہمارے گروپ نے فیڈریشن چیمبر کے مالی معاملات سمیت ملکی معیشت کو مضبوط تر بنانے اورایکسپورٹ وامپورٹ کیلئے حکومت کوخصوصی پالیسیاں مرتب کرکے حکومت کو دینے کی تیاریاں شروع کردی ہیں اور ایف پی سی سی آئی میں30دسمبر کو ہونے والے الیکشن میں یو بی جی کی کامیابی کے بعد کاروباری برادری کیلئے سب کچھ اچھاہوگا۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز اسلام آباد میں یو بی جی کے امیدواروں کے تعارف کیلئے ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب سے سینئرتاجررہنما ریاض الدین شیخ،یو بی جی کے صدر زبیرطفیل، سیکریٹری جنرل ظفربختاوری،صدارتی امیدوار ڈاکٹر نعمان بٹ،عبدالرئوف عالم،سابق نائب صدر عبدالوحید اور دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ کینیڈا سے آئے ہوئے معروف بزنس مین عامرشمسی اوردیگر بھی شریک تھے۔

(جاری ہے)

یو بی جی کے مرکزی ترجمان گلزارفیروز کے اعلامیہ کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایم منیر نے کہا کہ پاکستان بھر میں یو بی جی کی تمام کورکمیٹیوں کی جانب سے انتخابات کے حوالے سے مربوط حکمت عملی تیار ہے اوریو بی جی کے چیئرمین افتخار علی ملک، صدر زبیرطفیل، سیکریٹری جنرل ظفربختاوری اور دیگر تمام رہنمائوں نے پاکستان بھر میں یو بی جی کارکنان کو ذمہ داریاں سونپ دی ہیں اور31دسمبر کو سورج یونائٹیڈ بزنس گروپ کی فتح کے ساتھ طلوع ہوگا۔

انکا کہنا تھا کہ یو بی جی کے صدر زبیرطفیل نے کہا کہ ہمارے ملک کی بہتر ہوتی ہوئی معاشی صورتحال بار بار کیوں بگڑتی ہے اس جانب توجہ دینے کی ضرورت ہے اور یہ نشاندہی حکومت کو بزنس کمیونٹی کے بہتر نمائندے ہی کرسکتے ہیں ،حکومت اسٹیک ہالڈرز سے مشاورت کرکے ملکی معیشت کو کامیابی کی راہ پر گامزن کرسکتی ہے۔ زبیرطفیل نے سال2022 کے ایف پی سی سی آئی الیکشن کے حوالے سے کہا کہ گزشتہ سال فیڈریشن الیکشن میں دھاندلی سے مصنوعی کامیابی حاصل کرنے والے گروپ بزنس مین پینل کو 30دسمبر 2021کے الیکشن میں عبرتناک شکست ہوگی ،30دسمبر کوہونے والے الیکشن میں ہم شرافت کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑیں گے کیونکہ ہم دست وگریبان ہونے والے لوگ نہیں لیکن اس بار دھونس ودھمکی اوراسلحہ کے زور پر نتائج تبدیل نہیں کئے جاسکتے۔

یو بی جی کے سیکریٹری جنرل ظفربختاوری نے کہا کہ یوبی جی ایس ایم منیر اورافتخار علی ملک کی سرپرستی میں مسلسل مضبوط ہے اور ملک بھر میں یونائٹیڈ بزنس گروپ کے کارکنان ورہنمائوں کی جانب سے انتخابی سرگرمیوں میں تیزی آگئی ہے ،یو بی جی پاکستان کی بزنس کمیونٹی کے دلوں کی آواز ہے ۔ صدارتی امیدوارڈاکٹر نعمان بٹ نے کہا کہ ہم اپنی کارکردگی سے ہی ثابت کریں گے کہ یو بی جی ہی بزنس کمیونٹی کی حقیقی نمائندہ تنظیم ہے، موجودہ حالات میں سخت جدوجہد کے ساتھ کام کرکے ایف پی سی سی آئی کو آگے لے جانے کی ضرورت ہے اور میں الیکشن میں صدرمنتخب ہوکراپنی ٹیم کے ہمراہ فیڈریشن کو مزید بہتر مقام پر لے جانے کی مکمل کوشش کرونگا۔

Browse Latest Business News in Urdu