عتیق میر کی دی گلاس مرچنٹس گروپ کراچی کے انتخابات میں وائس آف بوہرہ پیر پینل کوکامیابی پرمبارکباد

حقیقی تائید اور مضبوط باڈی کی تشکیل کیلئے شہر کی تمام مارکیٹ ایسوسی ایشنز کے انتخابات ضروری ہیں،چیئرمین آل کراچی تاجراتحاد

منگل 25 جنوری 2022 14:48

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جنوری2022ء) آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے دی گلاس مرچنٹس گروپ کراچی کے انتخابات برائے 2022-2023میں عظیم الشان کامیابی پر وائس آف بوہرہ پیر پینل کی پوری ٹیم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ نومنتخب جماعت کی 187 میں 143ووٹوں کی بھاری اکثریت سے کامیابی ان پر ممبران کے بھرپور اعتماد اور بڑی توقعات کا مظہر ہے، انھوں نے توقع ظاہر کی کہ کامیاب پینل کے چیئرمین ذیشان خان، سینئر وائس چیئرمین معیز طیب، وائس چیئرمین مبشر سلطانی، جنرل سیکریٹری محمد عاصم، جوائنٹ سیکریٹری محمد عرفان بیگ، فنانس سیکریٹری معیز الدین خان بقائی، ارکان مجلس عمل محمد اویس قریشی، اقبال شہزاد، شعیب احمد، رزاق پاشا، محمد سعد صالحین، مرتضیٰ نور الدین اور مصطفیٰ عباس بہترین صلاحیتوں اور عمدہ کارکردگی سے ممبران کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کرینگے، آج منتخب پینل کے عہدیداران و ارکان مجلس عاملہ سے ملاقات کے موقع پر انھوں نے کہا کہ حقیقی تائید اور مضبوط باڈی کی تشکیل کیلئے شہر کی تمام مارکیٹ ایسوسی ایشنز کے انتخابات ضروری ہیں،منتخب ایسوسی ایشنز ہی مضبوط، معتبر اور حقیقی نمائیندگی کی حقدار ہیں، انھوں نے کہا کہ مارکیٹوں کی منتخب، منظم اور متحد تنظیمیں ہی تاجروں کی اصل طاقت ہیں، انھوں نے تاجروں کے بڑھتے ہوئے مسائل پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ مختلف اداروں کی من مانیوں اور تاجروں کے خلاف غیرمنصفانہ اقدام کے خلاف تاجر برادری کا مارکیٹوں کی سطح پر منظم اور مضبوط ہونا وقت کا تقاضا ہے، موجودہ کٹھن اور سخت حالات تاجر تنظیموں کی صلاحیتوں کا امتحان ہیں ، انھوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ناانصافیوں کے خلاف بیشتر تاجر نمائیندگان کی للکار واٹس اپ گروپوں تک محدود ہے، مسائل صرف بیانات سے نہیں مثبت، مضبوط اور ٹھوس اقدامات سے حل ہونگے، انھوں نے کہا کہ مسائل کے حل اور مشکلات کے خاتمے کیلئے تاجروں کو متحد ہوکر میدان عمل میں نکلنا ہوگا، ہر تاجر تنظیم کا بنیادی مقصد اپنے ممبران کی خدمت اور مدد ہے جو بھی ان ذمے داریوں کو پورا نہیں کرتا تو وہ اپنے منصب سے وفا دار نہیں۔

Browse Latest Business News in Urdu