بڑھتے ہوئے سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے غیر ملکی سرمایہ کار انتہائی محتاط ہوگئے، اسٹاک مارکیٹ میں نئی سرمایہ کاری کرنے کے بجائے پہلے سے اپنے پاس موجود حصص فروخت کرکے اپنی سرمایہ کاری مارکیٹ سے نکالنے کو ترجیح دے رہے ہیں

اتوار 11 جنوری 2015 21:09

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11جنوری۔2015ء) بڑھتے ہوئے سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے غیر ملکی سرمایہ کار انتہائی محتاط ہوگئے اور پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ میں نئی سرمایہ کاری کرنے کے بجائے پہلے سے اپنے پاس موجود حصص فروخت کرکے اپنی سرمایہ کاری مارکیٹ سے نکالنے کو ترجیح دے رہے ہیں، نئے سال کے پہلے دس روز میں غیر ملکی سرمایہ کاروں نے پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ سے ایک کروڑ98لاکھ24ڈالر مالیت کے حصص فروخت کرکے اپنی سرمایہ کاری نکال لی ہے ، نیشنل کلیئرنگ کمپنی آف پاکستان لمیٹڈ کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق صرف گزشتہ ہفتے کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاروں نے پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ سے61لاکھ25ہزار ڈالر نکال لیے ہیں،اس سے پہلے ہفتے کے دوران اسٹاک مارکیٹ سے ایک کروڑ49لاکھ64ہزار ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری کا انخلا ریکارڈ کیا گیا، سال2014 کے دوران پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ میں38کروڑ46لاکھ56ہزار ڈالر کی نئی غیر ملکی سرمایہ کاری آئی تھی، تاہم ملک میں بڑھتے ہوئے سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے غیر ملکی سرمایہ کاروں نے گزشتہ سال کے آخری مہینوں سے انتہائی محتاط رویہ اختیار کرلیا ہے اور اسٹاک مارکیٹ میں نئی سرمایہ کاری کرنے کے بجائے پہلے سے اپنے پاس موجود حصص فروخت کرنے کو ترجیح دے رہے ہیں، تاہم غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص کی بڑے پیمانے پر فروخت کے باوجود مقامی سرمایہ کاروں اور انسٹی ٹیوشنز نے بڑے پیمانے پر حصص کی خریداری کی جس کی وجہ سے مارکیٹ میں زبردست تیزی رہی اور انڈیکس تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا، تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں زبردست تیزی اور انڈیکس کے تاریخی بلند ترین سطح پہنچنے کی وجہ سے بھی غیر ملکی محتاط ہوگئے اور موجود ہ سطح پر صرف منافع کمانے کو ترجیح دے رہے ہیں۔

Browse Latest Business News in Urdu