ایف سی سی آئی کے صدر سے ریسکیو 1122 کے وفد کی ملاقات،باہمی تعاون میں اضافے بارے غور کیا گیا

بدھ 4 ستمبر 2024 14:01

ایف سی سی آئی کے صدر سے ریسکیو 1122 کے وفد کی ملاقات،باہمی تعاون میں اضافے  بارے غور کیا گیا
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2024ء) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ڈاکٹر خرم طارق نے ریسکیو1122کی ایمرجنسی سروسز کو پائیدار بنیادوں پر جاری رکھنے کےلئے بزنس کمیونٹی کی طرف سے ایمبولینسوں کو اڈاپٹ کرنے اور جان بچانے والے ضروری آلات اور ادویات کی فراہمی کے علاوہ اس ادارے کے مارکیٹنگ پوٹینشل کو جدید سائنسی خطوط پر بروئے کار لانے کےلئے جامع حکمت عملی وضع کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریسکیو1122 کے ضلعی افسر انجینئر طارق جاوید کی قیادت میں وفد سے گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی اور اداروں کے درمیان اعتماد کا فقدان ہے جس کی وجہ سے ان اداروں کی سہولیات سے پوری طرح فائدہ نہیں اٹھایا جارہا، وہ اس سلسلے میں بزنس کمیونٹی کی آگاہی کےلئے ریسکیو 1122کے تعاون سے تربیتی سیشن منعقد کراسکتے ہیں تاکہ انہیں بتایا جاسکے کہ وہ اس ادارے سے کون کون سی سہولتیں حاصل کرسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انجینئر طارق نے بتایا کہ ضلع فیصل آباد میں ریسکیو 1122 کے سٹاف کی مجموعی تعداد 850ہے جبکہ ان کے پاس 150 موٹرسائیکل اور 38ایمبولینسیں ہیں، شہر میں ریسکیو 1122کے پانچ سنٹر ہیں جبکہ ایمرجنسی سروس کا رسپانس ٹائم صرف ساڑھے چار منٹ ہے، پہلے مرحلے میں موٹرسائیکل سوار سٹاف موقع پر پہنچ کر ابتدائی طبی امداد مہیا کرتا ہے اور اگر مریض کو ہسپتال منتقل کرنے کی ضرورت ہو تو پھر ایمبو لینس کو بلایا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے فیصل آباد میں روزانہ ساڑھے تین سو ایمرجنسی کے واقعات ہوتے تھے جن کی تعداد اب بڑھ کر چھ سو تک پہنچ چکی ہے، زیادہ تر واقعات میں روڈ ٹریفک اور صنعتوں میں آگ لگنے کے حادثات ہیں جن کی روک تھام کےلئے مسلسل آگاہی مہم بھی چلائی جارہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ صنعتکاروں کے متعلقہ سٹاف کی آگاہی اور تربیت کےلئے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کا پلیٹ فارم استعمال کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلڈنگ سیفٹی ایکٹ کے تحت انہیں حفاظتی انتظامات نہ کرنے والی صنعتوں اور عمارتوں کو سربمہر کرنے کا بھی اختیار ہے مگر وہ اس معاملے کو باہمی افہام و تفہیم سے حل کرنا چاہتے ہیں۔ اس موقع پر نائب صدر حاجی محمد اسلم بھلی نے گھنٹہ گھر پر چڑھنے والے شخص کو بحفاظت اتارنے کے سلسلے میں ریسکیو 1122کے کردار اور مہارت کو بھی سراہا۔

Browse Latest Business News in Urdu