پاکستا ن اسٹاک ایکس چینج میں شدید مندی ،سرمایہ کاروں کے 1کھرب 39ارب روپے سے زائد ڈوب گئے

مارکیٹ کے اختتام پر 100 انڈیکس713.15 پوائنٹس کمی سے 31441.02 پوائنٹس پر بند ہوا

جمعرات 14 جنوری 2016 21:17

پاکستا ن اسٹاک ایکس چینج میں شدید مندی ،سرمایہ کاروں کے 1کھرب 39ارب روپے سے زائد ڈوب گئے

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔14 جنوری۔2016ء)پاک بھارت مذاکرات میں بے یقینی کی صورت حال ،تیل کی قیمتوں کی عالمی مارکیٹ میں مسلسل کمی اور بروکریج ہاؤس پر ایف آئی اے کے چھاپوں جیسے عوامل کے باعث پاکستا ن اسٹاک ایکس چینج (پی ایس ایکس )اپنے قیام کے چوتھے روزجمعرات کوشدید مندی کا شکار رہا اور اور 100انڈیکس بیک وقت 7نفسیاتی حدوں سے گرگیا ۔

سرمایہ کاری مالیت میں1کھرب 39 ارب روپے سے زائد کی کمی، کاروباری حجم گزشتہ روز کی نسبت60.80 فیصد زائد جبکہ83.75 فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔فروخت کے دباؤ اور پرافٹ ٹیکنگ کے باعث کاروبار کا آغاز منفی زون میں ہوا ۔ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر 100انڈیکس 31364پوائنٹس کی نچلی سطح پر بھی ریکارڈ کیا گیا ۔ماہرین اسٹاک کے مطابق پاک بھارت مذاکرات میں تعطل کی خبروں ،تیل کی قیمتوں کی عالمی مارکیٹ میں مسلسل کمی اور بروکریج ہاؤس پر ایف آئی اے کے چھاپوں جیسے عوامل کے باعث سرمایہ کار تذبذب کا شکار ہیں اور وہ اپنے حصص فروخت کرنے کو ترجیح دے رہے ہیں جس کے باعث ملک کی تینوں اسٹاک مارکیٹس کے انضمام کے باوجود بھی مارکیٹ مسلسل مندی کا شکار ہے ۔

(جاری ہے)

مارکیٹ کے اختتام پر 100 انڈیکس713.15 پوائنٹس کمی سے 31441.02 پوائنٹس پر بند ہوا۔ مجموعی طور پر 357 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 40 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں اضافہ، 299 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ 18 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔ سرمایہ کاری مالیت میں1کھرب39 ارب 60 کروڑ 51 لاکھ 91 ہزار 986 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت گھٹ کر 66 کھرب 49 ارب 14 کروڑ52 لاکھ 27 ہزار 74 روپے ہوگئی۔

مجموعی طور پر جمعرات کو 19کروڑ2 لاکھ 53 ہزار 840 شیئرز کا کاروبار ہوا جو گزشتہ روز کی نسبت 7 کروڑ 48 لاکھ 10 ہزار 140 شیئرز زائد ہے۔سب سے زیادہ کاروبار کے الیکٹرک کے حصص میں ہوا جو ایک کروڑ35 لاکھ 65 ہزار500 شیئرز رہا جس کی قیمت 7.23 روپے سے شروع ہو کر14پیسے کمی سے 7.09 روپے پر بند ہوئی جبکہ آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کے حصص کی قیمت104.14 روپے سے شروع ہو کر 3.55روپے کمی سے100.59 روپے پر بند ہوئی۔

سب سے زیادہ تیزی باٹا پاک کے حصص کی قیمتوں میں ہوئی جس کے حصص کی قیمت164.00روپے کے اضافہ سے3464.00 روپے پر بند ہوئی۔ اسی طرح فلپ مورس پاک کے حصص کی سودے بھی48.46 روپے کی تیزی سے1733.66 روپے پر بند ہوئے۔ سب سے زیادہ مندی سیمنس پاک کے حصص کی قیمتوں میں ہوئی جس کے حصص کی قیمت 81.00روپے کمی سے 7449.00جبکہ ہینو پاک موٹرز کے حصص کی قیمت 57.81 روپے کی مندی سے 1099.85 روپے رہ گئی۔ مارکیٹ کے اختتام پر کے ایم آئی30 انڈیکس 1408.06 پوائنٹس کمی سے 53545.75 پوائنٹس، کے ایس ای 30 انڈیکس 425.19 پوائنٹس کمی سے 18338.89 پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس462.32 پوائنٹس کمی سے 21921.96 پوائنٹس پر بند ہوا۔

Browse Latest Business News in Urdu