پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت ہی مطلوبہ نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں‘ پیاف

بدھ 10 فروری 2016 17:03

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 فروری۔2016ء)پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشنز فرنٹ (پیاف) کے چیئر مین عرفان اقبال شیخ نے کہا ہے کہ قومی اداروں کی نجکاری کی پالیسی شفاف طریقے سے عمل میں لائی جائے۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز ایک بیان جاری کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نجکاری کے لئے شفافیت شرط ہے اس مقصد کے لئے بین الاقوامی کمپنی اور ماہرین کی خدمات لی جائیں جو کہ ہمارے اثاثوں کا صحیح طریقے اور بغیرکسی کرپشن کے قیمت کا تخمینہ لگا سکیں بجائے اس کے کہ ان اثاثوں کو سستے داموں بیچ کر قومی خزانے کو نقصان پہنچایا جائے۔

چیئر مین عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ حکومت تمام قومی اداروں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت چلائے تاکہ قومی ادارون کو مزیدنقصان سے بچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت ہی مطلوبہ نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں اور نقصان میں جانے والے اداروں کو منافع بخش بنایا جا سکتا ہے ۔عرفان شیخ نے کہا کہ تر قی یافتہ ملکوں میں حکومت امور مملکت چلاتی ہے اور اداروں میں سازگار ماحول مہیا کئے جاتے ہیں تاکہ کاروباری افراد یکسوئی سے ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں۔

Browse Latest Business News in Urdu