پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی

کے ایس ای 100 انڈیکس تاریخ کی نئی بلند ترین سطح 49876.18 پوائنٹس پر بند،سرمایہ میں بھی 83 ارب روپے سے زائد کا اضافہ چائنیز کنسورشیم کیساتھ 40فیصد ڈائیویسمنٹ کی دستاویزی عمل مکمل ہونے کے بعد حصص مارکیٹ میں تیزی کا رجحان دیکھنے میں آیا، ماہرین

پیر 23 جنوری 2017 19:34

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2017ء) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روزپیرکوزبردست تیزی رہی اور کے ایس ای 100 انڈیکس 511.35 پوائنٹس کے اضافے سے تاریخ کی نئی بلند ترین سطح 49876.18 پوائنٹس پر بند ہوا، مارکیٹ سرمایہ میں 83 ارب 78 کروڑ 46 لاکھ 33 ہزار 608 روپے کا اضافہ جبکہ خرید و فروخت میں بھی 14 کروڑ 6 لاکھ 46 ہزار 110 حصص کی تیزی دیکھی گئی۔

اسی طرح تجارتی حجم میں 1 ارب 57 کروڑ 46 لاکھ 36 ہزار 145 روپے کی تیزی ریکارڈ کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں نئے کاروباری ہفتہ کا آغاز انتہائی مثبت انداز میں ہوا اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی چائنیز کنسورشیم کیساتھ 40فیصد ڈائیویسمنٹ کی دستاویزی عمل مکمل ہونے کے بعد حصص مارکیٹ میں تیزی کا رجحان دیکھنے میں آیا، پیر کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی کے باعث کے ایس ای 100 انڈیکس 49400، 49500، 49600، 49700 اور 49800 پوائنٹس کی پانچ بالائی نفسیاتی حدیں عبور کرتے ہوئے 511.35 پوائنٹس کے اضافے سے 49876.18 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس بھی 245.36 پوائنٹس کی تیزی سے 26682.01 پوائنٹس پر بند ہوا۔

(جاری ہے)

پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے ممبران کے مطابق چائینیز کنسورشیم میں شامل چائنہ فنانشل فیوچرز ایکسچینج کمپنی لمیٹڈ، شنگھائی اسٹاک ایکسچینج اور شینزن اسٹاک ایکسچینج دنیا کے پاورفل ایکسچینجز ہیں جبکہ اس کنسورشیم میں دو مقامی فنانشل انسٹی ٹیوشنز پاک چائنہ انویسٹمنٹ کمپنی لمیٹڈ اور حبیب بینک لمیٹڈ بھی شامل ہے جس سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج خطے کی اہم ترین ایکچینجز میں شامل ہوگیا ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ اس عمل کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں حصص کی خرید و فروخت میں تیزی کا رجحان برقرار رہے گا اور انڈیکس میں روزبروز اضافہ ہوگا۔

پیر کو مارکیٹ میں اتار چڑھائو کے بعد کے ایس سی آل شیئر انڈیکس 287.20 پوائنٹس کا اضافہ رونماء ہوا جبکہ کے ایم آئی 30 انڈیکس میں 1084.69 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی۔ حصص کی خرید و فروخت میں تیزی کی وجہ سے بینکس ٹریڈ ایبل (بی اے ٹی آئی) انڈیکس 77.65 پوائنٹس کے اضافے سے 20337.84 پوائنٹس پر جاپہنچا جبکہ آئل اینڈ گیس ٹریڈ ایبل (او جی ٹی آئی) انڈیکس 156.12 پوائنٹس کی تیزی سے 18142.40 پوائنٹس پر بند ہوا۔

مزید برآں پاکستان اسٹاک ایکسچینج - کے ایم آئی انڈیکس 268.23 پوائنٹس کے اضافے سے 24110.70 پوائنٹس پر بند ہوا۔ مارکیٹ میں مجموعی طور پر 439 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا جن میں سے 277 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں تیزی، 146 کمپنیوں کے حصص کے بھائو میں مندی اور 16 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ سب سے زیادہ تیزی شپہائر ٹیکسٹائل کے حصص کی قیمتوں میں ہوئی جس کے حصص کی قیمت 61.50 روپے کے اضافے سے 1291.50 روپے پر بند ہوئی۔

اسی طرح آئی سی آئی پاکستان کے حصص کی سودے بھی 58.01 روپے کی تیزی سے 1218.27 روپے پر بند ہوئے۔ سب سے زیادہ مندی ویتھ پاک لمیٹڈ اور سانوفیل ایونٹس کے حصص کی قیمتوں میں ہوئی۔ ویتھ پاک لمیٹڈ کے حصص کی قیمت 144.26 روپے کی مندی سے 4595.73 روپے اور سانوفیل ایونٹس کے حصص کی قیمت بھی 55.96 روپے کی کمی سے 2582.25 روپے رہ گئی۔ سب سے زیادہ کاروبار کے الیکٹرک لمیٹڈ کے حصص میں ہوا جو 21 کروڑ 38 لاکھ 24 ہزار 500 شیئرز رہا جس کی قیمت 9.62 روپے سے شروع ہو کر 10.16 روپے پر بند ہوئی جبکہ لوٹ کیمیکل کے 2 کروڑ 72 لاکھ 48 ہزار حصص کے سودے 8.85 روپے سے شروع ہو کر 9.13 روپے بند ہوئے۔

مجموعی طور پر 60 کروڑ 3 لاکھ 70 ہزار 600 حصص کا کاروبار ہوا جس کا تجارتی حجم 24 ارب 47 کروڑ 56 لاکھ 61 ہزار 392 روپے رہا۔ مارکیٹ کیپیٹل 99 کھرب 4 ارب 84 کروڑ 30 لاکھ 84 ہزار 564 روپے سے بڑھ کر 99 کھرب 88 ارب 62 کروڑ 77 لاکھ 18 ہزار 172 روپے ہو گیا۔ فیوچر ٹریڈنگ میں 150 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں تیزی، 25 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں مندی اور 4 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا جبکہ 14کروڑ 36 لاکھ 75 ہزار 500 حصص کا کاروبار ہوا۔

Browse Latest Business News in Urdu