مراکش میں سڑکوں کی صفائی کرنیوالی 25سالہ خاتون مس حسینہ منتخب

مس حسینہ منتخب ہونیوالی سناء معطاط دوبچوں کی ماں،مقابلہ جیتنے کے باجود خاکروبوں کا پیشہ جاری رکھنے کا عزم

منگل 13 مارچ 2018 18:27

مراکش میں سڑکوں کی صفائی کرنیوالی 25سالہ خاتون مس حسینہ منتخب
رباط(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مارچ2018ء)مراکش میں سڑکوں کی صفائی کرنیوالی 25سالہ خاتون مس حسینہ منتخب ہوگئیں،عرب ٹی وی کے مطابق مراکش کی 25 سالہ خاتون خاکروب سناء معطاط کو سڑکوں کی صفائی اور کچرا جمع کرنے جیسا محنت طلب کام اور گھریلوں ذمّے داریوں کا بار کبھی بھی اپنے ظاہری جمال اور جلد کی خوب صورتی پر توجہ دینے سے نہ روک سکا۔

(جاری ہے)

زندگی کے دشوار حالات کے باوجود وہ مراکش میں 2018ء کے لیے خوب صورت ترین خاتون خاکروب کا اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی۔کچھ عرصہ قبل اس اعزاز کا تاج سر پر سجانے کے بعد سناء کی کئی تصاویر سوشل میڈیا پر وسیع پیمانے پر گردش میں آئیں۔ تصاویر میں وہ خاکروبوں کی سرکاری وردی میں ملبوس نظر آ رہی ہے۔ بعض لوگ تو یہ یقین کرنے پر ہی تیار نہیں کہ جادوئی مسکراہٹ رکھنے والی یہ پٴْرکشش لڑکی ایک خاکروب ہے۔ تاہم سناء جو دو بچوں کی ماں بھی ہے اپنے پیشے پر فخر محسوس کرتی ہے اور اس نے اپنا پیشہ تبدیل کرنے کے بارے میں کبھی نہیں سوچا۔