فٹبال کے فروغ کیلئے جرمن کوچز کی تربیت اہم ثابت ہوگی ، گورنر سندھ

قومی ٹیم کے لئے کھلاڑیوں کی تیاری سے پاکستانی ٹیم بہت جلد عالمی مقابلہ میں بھرپور شرکت یقینی بناسکتی ہے،محمد زبیر تربیت اور تیکنیکی مہارت کی فراہمی سے کھلاڑیوں کو کھیل کا ماہر بنایا جا سکتا ہے،جرمن فٹبال کوچنگ کیمپ کے افتتاح سے خطاب

پیر 2 اپریل 2018 22:48

فٹبال کے فروغ کیلئے جرمن کوچز کی تربیت اہم ثابت ہوگی ، گورنر سندھ
․کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اپریل2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ پاکستان کے نوجوان محنتی، وژنری صلاحیتوں کے مالک اور کھیل سے بھرپور شغف رکھتے ہیں ان کی صلاحیتوں کے مطابق تربیت ، تیکنیکی مہارت کی فراہمی اور رہنمائی سے انھیں کھیل کا ماہر کھلاڑی بنایا جا سکتا ہے ، دنیا بھر کے سب سے زیادہ پسند کئے جا نے والے کھیل فٹبال کے لئے قومی ٹیم کے لئے کھلاڑیوں کی تیاری سے پاکستانی ٹیم بہت جلد عالمی سطح پر ایک بار پھر اپنا مقام بناسکتی ہے جو کہ 50 اور 60 کی دہائیوں میں اس کا خاصہ تھا اس ضمن میں فٹبال کے کھلاڑیوں کی تربیت کے لئے جرمنی کے کوچز کی تربیت اہم ثابت ہوسکتی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی یونائیٹڈ فٹبال کلب میں جرمن فٹبال کوچنگ کیمپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

تقریب میں P2GS (Pakistan to Germany Study)کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر میجر (ر)جنرل شوکت اقبال، ایف سی یونین برلن فٹ بال کے کوچز Mr.Sebastian Lejeune,Mr.Oliver Rathenow ،کمانڈر کراچی ریئر ایڈ مرل اطہر مختار سمیت فٹبال کے شائقین کی بڑی تعداد شریک تھی ۔

گورنرسندھ نے مزید کہا کہ نامور کوچز کی کھلاڑیوں کے زیر نگرانی پاکستانیوں کھلاڑیوں کی تربیت سے انھیں فٹبال کی نئی نئی تیکنیکی مہارت سیکھنے کو ملے گی جس سے ان کے کھیل میں مزید نکھار پیدا ہوگا ، مجھے امید ہے کہ سخت محنت اور درست رہنما ئی سے پاکستانی کھلاڑیوں کانام بھی مستقبل میں عالمی سطح کے فٹبال کے کھلاڑیوں میں شمار ہوا کرے گا ،ہمارے کھلاڑیوں نے کرکٹ ، ہاکی ، اسکواش اور دیگر کھیلوں میں عالمی سطح پر بے پناہ نام حاصل کیا ، محنت ،لگن سے ہم فٹبال میں بھی نمایاں مقام حاصل کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مستقل بنیادوں پر کھلاڑیوں کی تربیتی کیمپ لگنے سے نئے نوجوانوں کو بھی اس کھیل کی ترغیب ہوگی جس سے ملک بھر میں فٹبال کے کھیل کو فروغ حاصل ہوگا ۔گورنرمحمد زبیر نے کہا کہ پاکستان میں امن و امان کی بہتر صورتحال کے باعث نوجوان تیزی سے کھیلوں کی مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب ہورہے ہیں جو کہ خوش آئند بات ہے ضرورت ان کی بہتر تربیت اور رہنمائی فراہم کرنے کی ہے اس ضمن میں حکومت ہر ممکن تعاون اور مدد جاری رکھے گی تاکہ ملک میں مثبت سرگرمیاں مزید پروان چڑھ سکے ۔

گورنرسندھ نے پاکستان جرمنی کوچنگ کیمپ کا افتتاح کرتے ہوئے اس کی کامیابی کے لئے دعا بھی کی ۔اس سے قبل گورنر سندھ کو یونائیٹڈ فٹ بال کلب کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا گیا اور وہاں موجود جرمن کے کھلاڑیوں سے تعارف بھی کرایا ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میجر جنرل شوکت اقبال نے کہا کہ ایف سی برلن فٹ بال کے کوچز 23 مارچ کو اسلام آبادپہنچے تھے ان کے زیر نگرانی 18 مارچ سے 24 مارچ تک 300 سے زائد کھلاڑیوں نے تربیت حاصل کی ہے اس ضمن میں یونائیٹڈ فٹبال کلب کراچی میںشروع ہونے والا کوچنگ کیمپ 7 اپریل تک جاری رہے گا ،منتخب کردہ بہترین کھلاڑیوں کو جرمنی میں مزید تربیت کے لئے روانہ کردیا جائے گا جہاں 8 جولائی سے 22 جولائی تک ان کے لئے تربیتی مرحلہ جاری رہے گا، اس پروگرام کو P2GS اور Eurasia Berlin کے مشترکہ اشتراک سے چلایا جا رہا ہے ، P2GS طالب علموں کو جرمنی میں مفت تعلیم حاصل کرنے کے مواقع بھی فراہم کررہا ہے ۔

بعد ازاں گورنر سندھ نے فٹبال کو کک مار کر کوچنگ کا افتتاح کیا ۔