وزیرمملکت پٹرولیم جام کمال خان کا استعفیٰ منظور ،نوٹیفکیشن جاری

جام کمال خان آئندہ عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی بجائے بلوچستان میں نئی بننے والی سیاسی جماعت بلوچستان عوامی پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑیں گے،ذرائع

پیر 2 اپریل 2018 23:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 اپریل2018ء) وزیرمملکت پٹرولیم و قدرتی گیس جام کمال خان کا استعفیٰ منظور کرلیا گیا،جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، جام کمال خان آئندہ عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی بجائے بلوچستان میں نئی بننے والی سیاسی جماعت بلوچستان عوامی پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑیں گے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق صدر مملکت ممنون حسین نے وزیرمملکت پٹرولیم و قدرتی گیس جام کمال کا استعفیٰ منظور کرلیا ہے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے، جام کمال نے چند روز قبل وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کر کے انہیں استعفیٰ پیش کیا تھا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم سے ملاقات میں جام کمال نے مسلم لیگ(ن)بھی چھوڑنے کے حوالے سے اپنے فیصلے سے آگاہ کیا۔ ذرائع کے مطابق جام کمال آئندہ عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی بجائے بلوچستان میں نئی بننے والی سیا سی جماعت بلوچستان عوامی پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑیں گے۔ واضح رہے کہ جام کمال خان 2013کے عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن)کے ٹکٹ پر بلوچستان کے علاقے لسبیلہ کے حلقہ این اے 270سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔