سیکولر اور لبرل لابی کی سازشوں کو ناکام بنا نے کی جدو جہد ضروری ہے ،حافظ نعیم الرحمن

ملک میں ناموس رسالت ؐ قانون اور تعلیمی نصاب تبدیل کرنے کی سازشیں کی جارہی ہیں ، جامعة انصار کی تقریب سے خطاب کے الیکٹرک جیسے مافیا کو وفاق اور صوبے کی سرپرستی حاصل ہے جس کے باعث شہری12،12گھنٹوں کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا شکار ہیں

منگل 3 اپریل 2018 00:04

ْکراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اپریل2018ء) جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ سیکولر اور لبرل لابی مسلمانوں کے عقائد پر حملہ آور ہے ، ملک میں ناموس رسالتﷺ قانون اور تعلیمی نصاب میں تبدیل کرنے کی سازشیں کی جارہی ہیں ، بحیثیت مسلمان ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ سیکولر اور لبرل لابی کی سازشوں کا ناکام بنانے ،اللہ کے دین کے نفاذ کے لیے جدوجہد کریں اور ایسی قیادت کا انتخاب کریں جو اللہ کی زمین پر اللہ کا نظام نافذ کرے۔

کے الیکٹرک جیسے مافیا کو وفاق اور صوبے کی سرپرستی حاصل ہے جس کے باعث شہری شدید گرمی کے باعث 12،12گھنٹوں کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا شکار ہیں،جماعت اسلامی نے کے الیکٹرک ، نادرا ، پانی کے بحران اور دیگر مسائل کے حوالے سے عوامی جدوجہد کی ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعة الانصار موسیٰ لین لیاری میں سالانہ تقریب تقسیم انعامات سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب سے ڈپٹی سکریٹری کراچی وڈائریکٹر جامعة الانصار حافظ عبد الواحد شیخ ، امیر جماعت اسلامی ضلع جنوبی عبد الرشید ، چیئر مین یوسی 6، بغدادی فضل الرحمن، امیر جماعت اسلامی زون اولڈ سٹی ایریا فتح محمد، پروجیکٹ ڈائریکٹر جامعة الانصار محمد طارق الرحمن اور پرنسپل جامعة الانصار فیصل عادل نے بھی خطاب کیا ۔ تقریب میں حسن کارکردگی دکھانے والے طلباء میں شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔

تقریب میں اتحاد امت کے حوالے سے روحان سلیم نے انگریزی، محمد بلال اور سعد عرفان نے عربی ، ایزان عبد العزیز نے اردو زبان میں تقریریں بھی کیں جبکہ یوسف ناصر نے نعت رسول مقبول ؐ کا نذرانہ عقیدت پیش کیا ۔حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ جامعة الانصار ایسی درسگاہ ہے جو دنیاوی تعلیم اور دینی تعلیم کے فروغ کے لیے فرائض انجام دے رہا ہے ،تاکہ ایسے طلباء تیار ہوں جن میں دین کی خدمت کا جذبہ ہو ، اللہ کا خوف ہو اور اللہ کے دین کے نفاذ کے لیے عملی جدوجہد کرسکیں ۔

انہو ں نے کہا کہ بحیثیت مسلمان ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم سب نبی کریم ؐ کے لائے ہوئے دین کو دنیا میں نافذ کریں ، ایسا معاشرہ قائم کریں جہاں عدل و انصاف کا نظام رائج ہو ۔ انہوں نے کہا کہ لیاری جیسے پسماندہ علاقے میں جامعة الانصار میں ہزار وں کی تعداد میں طلباء علم دین حاصل کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت شہر میں پانی ، بجلی ،روزگار اور بے شمار مسائل ہیں، برے لوگوں کے سیاست میں آنے سے بدی اور ظلم کو طاقت حاصل ہوتی ہے جس کے باعث معاشرے میں بگاڑ پیدا ہوتا ہے اور ظلم وزیادتیاں بڑھتی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے کے الیکٹرک ، نادرا ،پانی اور بجلی کے مسائل کے حل کے لیے جدوجہد کی ہے اور بے شمار شہریوں کے مسائل حل کرائے ۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کا دین غالب ہونے کے لیے ہی آیا ہے ، نیک لوگوں کے سیاست سے دور رہنے کی وجہ سے ہی اللہ اور اس کے رسول ؐ سے بغاوت کرنے والے لوگ سیاست کرتے ہیں اسی لیے سیاست جھوٹ ، کرپشن ، دھوکا اورظلم کے نام سے مشہور ہوجاتی ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ، پاکستان کی بنیاد کلمہ لاالہ الا اللہ ہے ، ہمیں اپنی صلاحیت کو اللہ کے دین کے نفاذ کے لیے صرف کرنے کی ضرورت ہے ، ہمیں سیکولر اور لبرل لابی کی سازشوں کو ناکام کرنا ہوگااور ملک کو اسلامی اور خوشحال پاکستا ن بنانے کے لیے اللہ اور اس کے رسول ؐ کے قانون کو نافذ کرنے کے لیے جدوجہد کرنا ہوگی۔