بیرون ملک مقیم پاکستانی بھی اب تمام موبائل فونز پر ٹیکس ادا کریں گے

نئے قوانین کا اطلاق آپ کے پہلے اور ذاتی موبائل فون پر بھی ہوگا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 17 جولائی 2019 14:28

بیرون ملک مقیم پاکستانی بھی اب تمام موبائل فونز پر ٹیکس ادا کریں گے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 جولائی 2019ء) : بیرون ملک سے موبائل فونز لانے پر حال ہی میں حکومت نے ٹیکس عائد کیا تاہم اب بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بھی موبائل فونز پر ٹیکس کی ادائیگی کرنا ہو گی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ذاتی سامان کے قوانین میں کچھ تبدیلیاں کیں جس کے نتیجے میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو اب وطن واپسی آتے ہوئے اپنے موبائل فونز پر ٹیکس ادا کرنا پڑے گا۔

نئے قوانین کا اطلاق آپ کے پہلے اور ذاتی موبائل فون پر بھی ہوگا جوکہ اس سے قبل کسٹمز ڈیوٹی سے مستثنیٰ سمجھا جاتا تھا۔ نئے قانون کا نفاذ یکم جولائی سے ہوچکا ہے۔ وہ افراد جو پاکستان میں غیر ملکی سم استعمال کریں گے، انہیں اس سم کو پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی ( پی ٹی اے ) سے رجسٹریشن یا ٹیکس ادا کرنے کی ضرورت نہیں ہے، تاہم اگر وہ مقامی سم استعمال کریں گے تو انہیں 70 روز کے اندر ہر صورت رجسٹریشن کروانی اور ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے نئے قانون سے متعلق سوشل میڈیا پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ دوہرا ٹیکس ہے کیونکہ وہ پہلے ہی بیرون ملک ٹیکس ادا کرتے ہیں۔ ذاتی سامان کے گذشتہ قوانین کے تحت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بغیر کسی ڈیوٹی ٹیکس کے اپنے ساتھ صرف ایک موبائل فون لانے کی اجازت تھی لیکن مذکورہ اسکیم کے غلط استعمال کی اطلاعات پر یہ چھوٹ ختم کر دی گئی تھی۔

اطلاعات تھیں کہ لوگ مسافروں کے درآمد شدہ فونز کو رجسٹر کرنے کے لیے ڈیٹا چوری کر رہے تھے تاکہ ٹیکس کی ادائیگی سے بچ جائیں۔ یہ کام کافی بڑے پیمانے پر ہو رہا تھا جس کی شکایت موبائل صارفین نے سوشل میڈیا سائٹس پر بھی کی۔اس اسکیم کے ختم ہونے پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا کہنا ہے کہ حکومت نے ڈیٹا کو چوری کرنے سے روکنے کے بجائے اس سہولت کو ہی ختم کر دیا ہے جوکہ نامناسب ہے۔