Live Updates

وزیراعظم عمران خان صدر ٹرمپ سے ملاقات میں نئے پاکستان کا نقشہ پیش کرینگے، ماضی کے حکمران دورہ امریکہ میں فائیو سٹار ہوٹلوں تک محدود رہتے تھے لیکن پہلا وزیراعظم ہے جو بوئنگ طیارے کی بجائے کمرشل فلائٹ سے امریکہ آیا اور پاکستان ہائوس میں قیام کیا، بیرون ملک پاکستانی پیسے کما کر وطن بھیجتے ہیں، دوسری طرف ایک طبقہ وہ ہے جو پیسے لوٹ کر منی لانڈر نگ کے ذر یعے ملک سے باہر بھیجتا ہے

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کیپٹل ون ایرینا میں پاکستانیوں کے اجتماع سے خطاب

پیر 22 جولائی 2019 04:45

وزیراعظم عمران خان صدر ٹرمپ سے ملاقات میں نئے پاکستان کا نقشہ پیش کرینگے، ..
واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2019ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان صدر ٹرمپ سے ملاقات میں نئے پاکستان کا نقشہ پیش کرینگے، ماضی کے حکمران دورہ امریکہ میں فائیو سٹار ہوٹلوں تک محدود رہتے تھے لیکن پہلا وزیراعظم ہے جو بوئنگ طیارے کی بجائے کمرشل فلائٹ سے امریکہ آیا اور پاکستان ہائوس میں قیام کیا، بیرون ملک پاکستانی پیسے کما کر وطن بھیجتے ہیں، دوسری طرف ایک طبقہ وہ ہے جو پیسے لوٹ کر منی لانڈر نگ کے ذر یعے ملک سے باہر بھیجتا ہے۔

کیپٹل ون ایرینا میں پاکستانیوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج وزیراعظم عمران خان کا فقید المثال استقبال کر کے پاکستانیوں نے ثابت کر دیا کہ وہ ایک زندہ قوم ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ماضی کے حکمران دورہ امریکہ میں فائیو سٹار ہوٹلوں تک محدود رہتے تھے، عمران خان پہلے وزیراعظم ہیں جو بوئنگ طیارے کی بجائے کمرشل فلائٹ سے امریکہ آئے۔

پہلا وزیراعظم ہے جو فائیو سٹار ہوٹل کی بجائے پاکستان ہائوس میں ٹھہرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی بیرون ملک پیسہ کما کر ملک بھیجتے ہیں جبکہ ایک ایسا طبقہ ہے جو پیسے لوٹ کر منی لانڈر نگ کے ذر یعے ملک سے باہر بھیجتا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ شوکت خانم اور نمل یونیورسٹی کی تعمیر میں اوورسیز پاکستانیوں کا اہم کردار ہے، اوورسیز پاکستانیوں نے تحریک انصاف کی بنیاد رکھنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کئی سالوں بعد امریکہ میں قدم رکھا ہے، وہ امداد لینے کیلئے نہیں بلکہ صدر ٹرمپ سے ملاقات میں نئے پاکستان کا نقشہ پیش کرینگے۔ ہم دو طرفہ تعلقات کو استوار کرنے آئے ہیں ایک خوددار ملک کے سربراہ کی حیثیت سے یہاں بات کرنے آئے ہیں۔ چھپ کر نہیں بلکہ کھل کر آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان کا جو خواب ہم نے دیکھا ہے وہ کوئی اور پورا کرنے نہیں آئے گا بلکہ ہم نے خود اس خواب کو پورا کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم یہاں امریکہ کی بڑی کمپنیوں کو سی پیک میں سرمایہ کاری کی دعوت دینے آئے ہیں، ہم ہاتھ میں کشکول لے کر نہیں بلکہ پرامن اور خوشحال پاکستان کا خواب لیکر آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ماضی کے حکمرانوں کی طرح جھک کر نہیں بلکہ سر اٹھا کر بات کرنے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پروقار تاریخی اجتماع کے منتظمین کو مبارکباد دیتا ہوں۔ پاکستان تبدیل ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں افواج پاکستان، شہریوں اور سپاہیوں نے جانی و مالی قربانیاں دے کر دہشت گردی کو شکست دی اور ملک کو پر امن بنا دیا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ افغانستان میں بھی امن ہو۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات