Live Updates

وزیراعظم عمران خان سے واشنگٹن میں ورلڈ بینک کے صدر ڈیوڈ ملپاس کی ملاقات

حکومت کا محور عوام ہیں ، ترقیاتی ایجنڈے میں صحت، تعلیم اور پاکستان کے نوجوانوں پر سرمایہ کاری میں اضافے پر توجہ مرکوز کی جائے گی وزیراعظم عمران خان کی ورلڈ بینک کے صدر ڈیوڈ ملپاس سے گفتگو

پیر 22 جولائی 2019 05:40

وزیراعظم عمران خان سے واشنگٹن میں ورلڈ بینک کے صدر ڈیوڈ ملپاس کی ملاقات
واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2019ء) وزیراعظم عمران خان سے اتوار کو واشنگٹن میں ورلڈ بینک کے صدر ڈیوڈ ملپاس نے پاکستانی سفارتخانے میں ملاقات کی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، مشیر تجارت عبدالرزاق دائود، سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور پاکستانی سفیر اسد مجید نے وزیراعظم کی معاونت کی۔

وزیراعظم نے ورلڈ بینک کے صدر کی اہم ذمہ داری سنبھالنے پر ڈیوڈ ملپاس کو مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے کئی برسوں سے پاکستان کی معیشت کے مختلف شعبوں میں ورلڈ بینک کے بھرپور تعاون کو سراہا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان کی حکومت کا محور عوام ہیں اور ترقیاتی ایجنڈے میں صحت، تعلیم اور پاکستان کے نوجوانوں پر سرمایہ کاری میں اضافے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔

(جاری ہے)

کاروبار کو آسان بنانے کے عمل میں بہتری سمیت حکومت کی اصلاحاتی ترجیحات پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیراعظم نے ورلڈ بینک کے تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ ورلڈ بینک زیر تعمیر منصوبوں پر بھی پیش قدمی کرے گا اور یقین دلایا کہ ان کی حکومت اس سلسلے میں ورلڈ بینک سے بھرپور تعاون کرے گا۔ ڈیوڈ ملپاس نے وزیر اعظم کے ترقیاتی ایجنڈے کی تعریف کی اور کہا کہ ورلڈ بینک کے منصوبوں کے بڑے حجم کے ساتھ پاکستان خطے میں اہم ملک ہے۔

انہوں نے توقع ظاہر کی کہ پاکستان کے آئی ایم ایف کے نئے پروگرام میں داخل ہونے سے میکرو اکانومک استحکام اور پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے نوجوانوں کی پیشہ وارانہ مہارتوں میں اضافے اور انہیں مارکیٹ کی مانگ کے مطابق روزگار کیلئے تیار کرنے سمیت حکومت کے سماجی تحفظ کے پروگراموں کی بھی تعریف کی۔ ڈیوڈ ملپاس نے وزیراعظم عمران خان کو یقین دلایا کہ ورلڈ بینک ان کے اقتصادی ترقی کے وژن پر عمل درآمد میں فوری تعاون کیلئے تیار ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات