Live Updates

کھیلوں کے شعبے بالخصوص کرکٹ میں اصلاحات کی جائیں گی

آئندہ ورلڈ کپ میں پیشہ وارانہ ٹیم میدان میں لائیں گے،وزیراعظم عمران خان

پیر 22 جولائی 2019 06:20

کھیلوں کے شعبے بالخصوص کرکٹ میں اصلاحات کی جائیں گی
واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2019ء) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کھیلوں کے شعبے بالخصوص کرکٹ میں اصلاحات کی جائیں گی اور آئندہ ورلڈ کپ میں پیشہ وارانہ ٹیم میدان میں لائیں گے۔ کیپیٹل ون ایرینا کے تاریخی جلسہ میں وزیراعظم نے پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ حالیہ ورلڈ کپ کے بعد میں نے فیصلہ کیا ہے کہ کرکٹ کو درست کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے معلوم ہے کہ بہت زیادہ مایوسی ہوئی ہے لیکن میرے الفاظ کو یاد رکھیں انشاء اللہ آئندہ ورلڈ کپ میں ہم پیشہ ور اور بہترین ٹیم لائیں گے۔ وزیراعظم اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ تین روزہ سرکاری دورے پر واشنگٹن ڈی سی میں ہیں اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹر مپ کی دعوت پر یہ دورہ کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم جو 1992ء ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کے کپتان بھی تھے، نے کہا کہ ہم نے اپنے ملک کو اصولوں پر کھڑا کرنا ہے۔

اللہ تعالیٰ نے ہماری قوم کو ٹیلنٹ دیا ہے اور وہ جہاں بھی گئے انہوں نے محنت سے اپنے آپ کو اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے انگلینڈ میں کرکٹ سیکھی اور پاکستانی کھلاڑیوں کو اپنا معیار بہتر بنانے کے بارے سکھانا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کا دنیا سے سب سے زیادہ ٹیلنٹ ہے اور ہم نے اس ٹیلنٹ کو ابھارنا ہے۔ انہوں نے آسٹریلین کرکٹ کے ادارے کی تعریف کی جس نے ملک بھر سے ٹیلنٹڈ کھلاڑی چنے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات