سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2021ء) غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں پیپلز لیگ نے بھارت اور پاکستان پر زوردیا ہے کہ وہ مذاکراتی عمل بحال کریں اورتنازعہ کشمیرکے بنیادی فریق یعنی کشمیری عوام کواس میں شامل کریں ۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق پیپلز لیگ کے سیکریٹری جنرل نصیر الاسلام نے جنوبی کشمیر میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے تنازعہ کشمیر کو کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق پرامن طریقے سے پائیدار بنیادوں پر حل کرنے پر زوردیا۔
انہوںنے کہاکہ کشمیری عوام گزشتہ 74 سال سے تنازعہ حل نہ ہونے کی قیمت چکارہے ہیں اور ان کی زندگی جہنم بنی ہوئی ہے۔ ادھر پیپلز لیگ کے ترجمان نے سرینگر میں ایک بیان میں بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں جاری قتل وغارت پر عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاہے کہ اس کی بے حسی اور لاتعلقی مقبوضہ علاقے میں جاری خونریزی کی واحد وجہ ہے۔انہوں نے شوپیان میں شہید ہونے والے نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہلخانہ سے یکجہتی کا اظہار کیا ۔ دریں اثنا ء اسلامی تنظیم آزادی کے چیئرمین عبدالصمد انقلابی نے بھی سرینگر میں جاری ایک بیان میں شوپیان میں شہید ہونے والے نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کیاہے۔