X

سلیکٹڈ حکومت اور سلیکٹرز دونوں مہنگائی کے ذمہ دار ہیں، نوازشریف

عمران خان کہتے تھے ڈالر ایک روپیہ مہنگا ہو تو سمجھووزیراعظم چور ہے،ڈالر 65روپے اور ہر چیزبے حساب مہنگی ہوگئی ہے،موصوف اپنے اس جملے پر قائم ہیں یا یوٹرن لے رہے ہیں، پاکستانی قوم فیصلہ کرے کہ چور ہی نہیں بلکہ مہا چور کون ہے؟ قائد ن لیگ اور سابق وزیر اعظم کی گفتگو

لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 ستمبر2021ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ حکومت اور سلیکٹرز دونوں مہنگائی کے ذمہ دار ہیں، عمران خان کہتے تھے ڈالر ایک روپیہ مہنگا ہو تو سمجھووزیراعظم چور ہے، ڈالر 65 روپے اور ہر چیزبے حساب مہنگی ہوگئی ہے،موصوف اپنے اس جملے پر قائم ہیں یا یوٹرن لے رہے ہیں، پاکستانی قوم فیصلہ کرے کہ چور ہی نہیں بلکہ مہا چور کون ہے؟ انہوں نے لندن میں پاکستانی میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب سے حکومت آئی ہے ڈالر 170 کے قریب پہنچ گیا ہے، اس کا مطلب یہ ہوا کہ ڈالر 65روپے عمران خان کے تین سالہ دور میں مہنگا ہوا ہے، یہ موصوف کہتے تھے کہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر ایک روپے کم ہو تو سمجھو وزیراعظم چور ہے، بجلی کا بل بڑھے ، آٹے اور چینی کی قیمت بڑھے سمجھو کہ وزیراعظم چور ہے،قرضے بڑھیں تو سمجھو وزیراعظم چور ہے، اب توکئی چیزوں کی قیمتیں 100گنا، ادویات پانچ سو گنا اور آٹا چینی دالیں، بجلی گیس ہر چیزبے حساب مہنگی ہوگئی ہے۔

عمران خان کہتے تھے وزیراعظم چور ہے،موصوف اس جملے پر قائم ہیں یا یوٹرن لے رہے ہیں، میں پاکستانی قوم پر چھوڑتا ہوں کہ وہ فیصلہ کرے کہ چور بلکہ مہا چور کون ہے؟ انہوں نے کہا کہ عوام سے ستائی مہنگائی کو ن لیگ کا پیغام ہے کہ سلیکٹڈ اور سلیکٹرز دونوں مہنگائی کے ذمہ دار ہیں۔ واضح رہے پی ڈی ایم جماعتیں ایک بار حکومت کیخلاف متحرک ہوگئی ہیں، پی ڈی ایم نے کراچی جلسے آئندہ کا لائحہ عمل بھی بتا دیا ہے، پی ڈی ایم جماعتوں نے ملک بھر میں جلسے اور روڈ کاروان چلانے کا فیصلہ کیا، پی ڈی ایم نے کہا کہ حکومت کی تین سالہ بدترین کارکردگی اور کرپشن پر وائٹ پیپر جاری کیا جائے گا، عدالتی فیصلے پر17 ہزار فارغ کردہ ملازمین کیلئے قانونی چارہ جوئی کریں گے، انتخابی اصلاحات مسترد ،پارلیمنٹ میں صدر مملکت کی تقریرکے دوران احتجاج کریں گے۔

اس وقت سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں