خود کش حملہ میں بیرسٹر ہارون بلور سمیت دیگر کی شہادت کے خلاف ہزارہ بار ایسوسی ایشنز کی ہڑتال، عدالتی بائیکاٹ رہا

بدھ 11 جولائی 2018 21:23

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2018ء) پشاور میں یکہ توت کے مقام پر خود کش حملہ میں بیرسٹر ہارون بلور سمیت دیگر کی شہادت کے خلاف ہزارہ بار ایسوسی ایشنز کی ہڑتال کے باعث وکلاء کا عدالتی بائیکاٹ رہا۔ تفصیلات کے مطابق پشاور یکہ توت میں کارنر میٹنگ کے دوران اے این پی کے امیدوار صوبائی اسمبلی بیرسٹر ہارون بلور و دیگر کی خود کش حملہ میں شہادت کے خلاف خیبر پختونخوا بار کونسل کی کال پر ہری پور، ایبٹ آباد، مانسہرہ، بٹگرا م سمیت ہزارہ بھر کی بار ایسوسی ایشنز نے ہڑتال کی اور کوئی بھی و کیل کسی عدالتی امور کی انجام دہی کیلئے عدالتوں میں پیش نہیں ہوا جس کے باعث مقدمات کی سماعت اگلی تاریخ پیشیوں تک ملتوی ہو گئی۔

دوسری جانب ڈسٹرکٹ بار ہری پور کے صدر اسد الله ملک، جنرل سیکرٹری شاہد محبوب ایڈووکیٹ، ایبٹ آباد ہائی کورٹ کے سینئر وکلاء خورشید اظہر ایڈووکیٹ، مسعود اظہر ایڈووکیٹ، سرفراز احمد ایڈووکیٹ و دیگر نے بیرسٹر ہارون بلور پر خود کش حملہ کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی استحکام کیلئے ہم سب کو ملکر جدوجہد کرنا ہو گی اور دہشت گردی کے ناسو ر کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہو گا۔

(جاری ہے)

بشیر بلور کی شہادت کے بعد بیرسٹر ہارون بلور کی شہادت انتہائی افسوسناک ہے، حکومت ان کے خاندان کو مکمل تحفظ فراہم کرے۔

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں