بٹگرام کی سیاست میں ڈرامائی تبدیلی ،جمعیت علماء اسلام کا تحریک انصاف کی حمایت کا اعلان

2013کے انتخابات میں ہمارے ساتھ دھوکہ کیا گیا ،الیکشن مہم میں تاج محمد خان ترند کے شانہ بشانہ کھڑے ہوکر تحریک انصاف کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرائیں گے ،جے یو آئی س کے صوبائی نائب امیر مولاناقاری فقیر محمد ہزاروی

ہفتہ 23 جون 2018 20:59

بٹگرام(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جون2018ء) بٹگرام کی سیاست میں ڈرامائی تبدیلی ،جمعیت علماء اسلام نے پاکستان تحریک انصاف کی حمایت کا اعلان کردیاجے یو آئی س کے صوبائی نائب امیر مولاناقاری فقیر محمد ہزاروی کا کہنا ہے 2013کے انتخابات میں ہمارے ساتھ دھوکہ کیا گیا ،الیکشن مہم میں تاج محمد خان ترند کے شانہ بشانہ کھڑے ہوکر پاکستان تحریک انصاف کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرائیں گے ، تفصیلات کے مطابق عام انتخابات کی آمد کیساتھ ہی ضلع بٹگرام میں سیاسی درجہ حرارت میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا ہے ہفتہ کے روز جمعیت علماء اسلام (س) نے باقاعدہ طور پر پاکستان تحریک انصاف کی حمایت کا اعلان کردیا ،اس حوالے سے پی ٹی آئی ترند کے الیکشن آفس میں ایک پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے جے یو آئی کے صوبائی نائب امیر مولانا قاری فقیر محمد ہزاروی نے باقاعدہ طور پر تحریک انصاف کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی علماء کرام کیلئے خدمات قابل ستائش ہیں ضلع بٹگرام میں ترند خاندان نے ہمیشہ غریب عوام کی بے لوث خدمت کی اور ضلع بھر میں ترقیاتی کاموں کے جال بچھا دیئے ہیں انھوں نے مزید کہا کہ 2018کے انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار صوبائی اسمبلی تاج محمد خان ترند کی بھرپور سپورٹ کیساتھ ساتھ انکے لیئے انتخابی مہم چلائیں گے اور انشاء اللہ تحریک انصاف کو بھاری اکثریت کیساتھ کامیاب کروائینگے ،2013کے انتخابات میں ہمارے ساتھ دھوکہ کیا گیا تھا،انھوں نے مزید کہا کہ صوبائی ومرکزی قائدین کیساتھ مشاور ت کے بعد بٹگرام میں پاکستان تحریک انصاف کی حمایت کا اعلان کیا ہے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ ترند گروپ وسابق وزیر تعلیم الحاج محمد یوسف خان ترند نے کہا کہ ترند خاندان نے ہمیشہ بٹگرام کے عوام کی مفاد کو مد نظر رکھ کر فیصلے کیئے ہیں صرف نعرے لگانا اور دعوے کرنا سیاست نہیں بلکہ عملی کام کرکے دکھانا ہوتا ہے انھوں نے مزید کہا کہ ہم پروپیگنڈے اور الزامات کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے بٹگرام کی عوام خود اس بات کی گواہ ہیں کہ بٹگرام کی ترقی میں کس کا اہم کردار ہے انھوں نے مزید کہا کہ انشاء اللہ 2018کے انتخابات میں بھر پور انداز سے کامیاب ہونگے پی ٹی آئی کی حکومت اور بالخصوص وزیر اعلی پرویز خٹک نے ضلع بٹگرام میں کروڑوں روپے کے ترقیاتی کام کروا کر یہاں کے لاکھوں عوام کے دل جیت لیئے ہیں انشاء اللہ بٹگرام کی عوام پی ٹی آئی کو اس کا صلہ آئندہ انتخابات میں ووٹ کے زریعے دینگے اس موقع پر ممبر ضلع کونسل یعقوب خان پائمال شریف نے جے یو آئی س کے پی ٹی آئی کی حمایت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ انشاء اللہ آنے والا دور پاکستان تحریک انصاف کا ہوگا ۔

بٹگرام میں شائع ہونے والی مزید خبریں