حلقہ پی کے 29 سے جے یو آئی (س) نے تاج محمد خان ترند کی حمایت کا اعلان کر دیا

ہفتہ 23 جون 2018 23:33

بٹگرام۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2018ء) بٹگرام کے صوبائی حلقہ پی کے 29 میں ڈرامائی تبدیلی، جے یو آئی (س) کی مقامی قیادت نے آمدہ انتخابات میں پی ٹی آئی کے نامزد امیدوار تاج محمد خان ترند کی مکمل حمایت کا اعلان کر دیا۔ پی ٹی آئی ترند گروپ کی سیاسی پوزیشن مزید مستحکم ہو گئی ہے۔ جے یو آئی (س) کے ضلعی امیر قاری فقیر محمد ہزاروی نے پی ٹی آئی امیدوار کی حمایت کا مکمل اعلان کر کے مقامی سیاست میں ہلچل مچا دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو جے یو آئی (س) کی مقامی قیادت نے آمدہ انتخابات میں پی ٹی آئی ترند گروپ کے نامزد امیدوار تاج محمد خان ترند کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے مقامی سیاست میں ہلچل مچا دی ہے، جے یو آئی (س) کے ضلعی امیر قاری فقیر محمد ہزاروی نے ترند گروپ کے سربراہ سابق صوبائی وزیر یوسف خان ترند کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ حلقہ پی کے 29 میں پی ٹی آئی ترند گروپ کی گراں قدر خدمات سے متاثر ہو کر ہماری جماعت جے یو آئی (س) آمدہ انتخابات میں پی ٹی آئی ترندگروپ کے نامزد امیدوار تاج محمد خان ترند کو مکمل سپورٹ کرے گی۔

(جاری ہے)

قاری فقیر محمد ہزاروی نے کہا کہ ہماری جماعت کے تمام کارکنان پی ٹی آئی کے امیدوار تاج محمد خان ترند کی کامیابی کیلئے گھر گھر عوامی رابطہ مہم تیز کر دیں، تاریخ گواہ ہے کہ ہم نے آج تک جس امیدوار کو سپورٹ کیا اس نے الیکشن میں بھاری اکثریت سے کامیاب حاصل کی ہے۔ ترند گروپ کے سربراہ سابق صوبائی وزیر یوسف خان ترند نے جے یو آئی (س) کی مقامی قیادت کی جانب سے آمدہ انتخابات میں حمایت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ جے یو آئی (س) کی سپورٹ سے ہماری سیاسی پوزیشن مزید مستحکم ہو گئی ہے، انشاء الله آمدہ انتخابات میں اپنی کاکردگی کی بنیاد پر بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے، ہمارے سیاسی مخالفین کے پاس ماسوائے بے بنیاد پراپیگنڈوں کے عوام کو دکھانے کیلئے کچھ بھی نہیں۔

بزرگ سیاستدان یوسف خان ترند نے کہا کہ ان کی سیاست عوامی خدمت ہے، انہیں بٹگرام کھنڈر کی مانند ملا تھا لیکن ہماری جدوجہد کے نتیجہ میں ضلع بٹگرام ترقی کے لحاظ سے کسی سے پیچھے نہیں، ہم نے اپنے دور اقتدار میں ترقیاتی منصوبوں کے جال بچھائے ہیں، مخالفین کی جانب سے ان پر الزام ہے کہ وہ اپنے مفادات کی خاطر پارٹیاں تبدیل کرتے ہیں، ایسا ہرگز نہیں، ہم نے ہمیشہ عوام کے خاطر پارٹیاں تبدیل کی ہیں تاکہ بٹگرام میں ترقی و خوشحالی آ سکے۔

متعلقہ عنوان :

بٹگرام میں شائع ہونے والی مزید خبریں