بٹگرام میں اے این پی کی جانب سے ہارون بلور خودکش حملہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

اے این پی کے کارکنوں نے ایک گھنٹے تک کچہری چوک کے مقام شاہراہ ریشم سڑک کو ٹریفک کیلئے بند کر کے دھرنا دیا

بدھ 11 جولائی 2018 21:23

بٹگرام۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2018ء) بٹگرام میں بھی اے این پی کی جانب سے ہارون بلور خودکش حملہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ کارکنان نے اپنے ہاتھوں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر سیاہ جھنڈے اٹھائے سڑکوں پر نکل آئے۔ اے این پی کے کارکنوں نے ایک گھنٹے تک کچہری چوک کے مقام شاہراہ ریشم سڑک کو ٹریفک کیلئے بند کر کے دھرنا دیا جس کے باعث ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی، اس دوران گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

اے این پی کے کارکنوں نے شدید نعرہ بازی کرتے ہوئے اے این پی کی قیادت پر دہشت گرد حملوں کو سازش قرار دیا۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کو ضلع بٹگرام میں بھی ہارون بلور شہید پر خود کش حملہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مرکزی الیکشن آفس سے اے این پی کے کارکنان ریلی کی شکل کچہری چوک جمع ہوئے اور شاہراہ ریشم سڑک ہر قسم کے ٹریفک کیلئے بند کر کے شدید نعرہ بازی کی۔

(جاری ہے)

سڑک کی بندش کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی تھیں، شدید گرمی میں مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اے این پی کی زیر قیادت احتجاجی مظاہرے میں اہلسنت والجماعت کے صوبائی صدر و امیدوار صوبائی اسمبلی عطاء محمد دیشانی، پاکستان پیپلز پارٹی کے ڈوژنل سیکرٹری جنرل اختر جاوید خان نے بھی شرکت کی اور دہشت گرد حملہ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔

اس موقع پر اے این پی کے ضلعی ایاز تورخیلی، امیدوار صوبائی ریاض خان، یوسف گجبوڑوال، شیر محمد اور دیگر نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک سوچے سمجھے منصوبہ کے تحت اے این پی کی قیادت کو نشانہ بنایا جا رہا ہے تاکہ اے این پی انتخابی عمل سے باہر کیا جا سکے، اپنے قائدین کی لاشیں اٹھا اٹھا کر تھک چکے ہیں، ہمیں شہادت کی ڈگری نہیں چاہئے، انہوں نے کہا کہ آمدہ انتخابات میں اے این پی کی عوامی مقبولیت خائف نادیدہ قوتیں دہشت حملوں کے ذریعہ اے این پی کو سائیڈ لائن کر کے اپنے منظور نظر سیاسی پارٹی کیلئے راہ ہموار کرانا چاہتے ہیں۔

بٹگرام میں شائع ہونے والی مزید خبریں