لوئر دیر، لڑکیوں کے مزید دو اسکولوں کوآگ لگادی گئی

جمعہ 12 جون 2009 12:24

لوئر دیر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12جون۔2009ء) لوئر دیر میں شر پسندوں نے لڑکیوں کے مزید دو اسکولوں کو آگ لگادی، دیر بالا کے علاقے ڈوگ درہ میں مقامی لشکر نے چوتھے روز بھی جنگجووٴں کا محاصرہ جاری ہے ۔لڑکیوں کے دونوں اسکول تحصیل میدان کے علاقے شداس میں نذر آتش کئے گئے ، تحصیل ادینزئی اور تحصیل میدان سے آج صبح سے کرفیو اٹھالیا گیا ہے ۔ میدان میں فورسز شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر گولہ باری کر رہی ہیں۔

(جاری ہے)

ادھر دیر بالا کے علاقے ڈوگ درہ میں مقامی لشکر نے جنگجووں کا محاصرہ کیا ہوا ہے ۔شدت پسندوں کے خلاف کارروائی میں لشکر کو سیکورٹی فورسز کی فضائی مدد بھی حاصل ہے ۔ ادھر بٹ خیلہ مالا کنڈ میں کرفیو کے باعث ما لا کنڈ شاہراہ بند ہے ۔ ایف سی کمانڈر بریگیڈئیر عمل زادہ نے تیمر گرہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپر دیر کے علاقے شرینگل میں قومی لشکر طالبان کے خلاف سرگرم عمل ہے ، لشکر کو فوج اور حکومت کی مکمل حمایت حاصل ہے ان کی ضروریات کے مطابق مدد کی جائے گی۔

دیر میں شائع ہونے والی مزید خبریں