حقوق لینے کے لیے سندھ کے عوام مردم شماری میں بھرپور حصہ لیں یہ زندگی اور موت کا مسئلہ ہے ،میراعجازحسین جاکھرانی

نیشنل ایکشن پلان پر عمل نہ ہونے کی وجہ سے ملک میں دہشت گردی عروج پر ہے امن کے قیام کی ذمہ داری صوبوں سے زیادہ وفاق کی ہے ، رکن قومی اسمبلی

ہفتہ 4 مارچ 2017 22:18

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مارچ2017ء) قومی اسمبلی کے رکن و سابق وفاقی وزیر میر اعجاز حسین جکھرانی نے کہا ہے کہ حقوق لینے کے لیے سندھ کے عوام مردم شماری میں بھرپور حصہ لیں یہ زندگی اور موت کا مسئلہ ہے ،نیشنل ایکشن پلان پر عمل نہ ہونے کی وجہ سے ملک میں دہشت گردی عروج پر ہے امن کے قیام کی ذمہ داری صوبوں سے زیادہ وفاق کی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفیس میں ترقیاتی منصوبوں کے متعلق اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر صوبائی وزیر میر ممتاز جکھرانی ،ایم پی اے ڈاکٹر سہراب سرکی، میر زیب خان پہنور، سائرہ شہلیانی سردار ذوالفقار سرکی ، سردار محمد پناہ اوڈھو، ڈپٹی کمشنر آغا شاہنواز بابر و دیگر موجود تھے ، میر اعجاز حسین جکھرانی نے مزید کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ اپنی ذمہ داری صوبوں پر ڈال دیتے ہیں دہشت گردی کا خاتمہ سب کی ذمہ داری ہے ایجنسیاں معلومات کیوں شیئر نہیں کرتی دھماکہ صرف سیہون میں نہیں بلکہ لاہور اور پشاور میں بھی ہوا ہے جس نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا جس کے لیے ہم سب کو ملکر دہشت گردی کا مقابلہ کر نا ہوگا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جیت کے سواء ہمارے کوئی آپشن نہیں ،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اتنے عرصے بعد ملک میں کرکٹ لوٹ کر آئی ہے ایسا ماحول نہ بنایا جائے کہ کرکٹ کی واپسی ممکن نہ ہو ،پنجاب حکومت کے بہت وسائل ہیں پی ایس ایل سے عوام کو بڑی تفریحی ملے گی،مردم شماری سندھ کی بقا کا مسئلہ ہے 20سال بعد یہ ہورہی ہے جس کے لیے منتخب نمائندوں اور معاشرے کے ہر فرد کو آگاہی کے ساتھ اپنا کردار ادا کرنا ہوگا انہوں نے کہا کہ سندھ کے 35لاکھ لوگوں کو ابھی تک شناختی کارڈ ہی جاری نہیں کئے گئے ،چیئرمین نادرا عملے کی قلت کا بہانا بنا کر بات کو ٹال دیتے ہیں جیکب آباد کو خصوصی وین دی جائے دیہی علاقوں کے لوگوں کو شناختی کارڈ جاری کرے انہوں نے مزید کہا کہ تجاوزات شہر کے لیے ناسور ہیں اپنے فائدے کے لیے لوگوں نے شہر کی خوبصورتی کو برباد کیا ہے ،نالیوں پر قائم کی گئی تجاوزات ختم کی جائیں گی یکطرفہ کارروائی نہیں ہوگی کسی کا نقصان ہونے نہیں دیں گے شہری تنظیموں سے مشورے کے بعد آپریشن کیا جائیگا ۔

جیکب آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں